پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں ہوں گے
کورونا وائرس کے باعث منسوخ ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے بقیہ میچز رواں برس جون میں کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھیلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
کورونا وائرس کے باعث اس مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب بھی ریکارڈڈ پیش کی گئی تھی جبکہ تماشائیوں کی اجازت بھی ابتدا میں 20 فیصد تک تھی جسے بعد ازاں صورتحال کو دیکھتے ہوئے 50 فیصد تک کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی
20 فروری سے 3 مارچ تک کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے میچز کی بات کریں تو 14 میچز کھیلے جاچکے تھے اور بعدازاں لیگ کے بقیہ 20 میچز جون میں کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز یکم جون سے 20 جون تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کے دوبارہ آغاز پر کھلاڑی اور دیگر عملہ، 22 مئی سے ایک ہی ہوٹل میں 7 روز تک قرنطینہ کریں گے جس کے بعد 3 روزہ ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگا اور اس کے بعد پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل سیزن 6 کا فائنل 20 جون کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل کے میچز کا مذکورہ فیصلہ 10 اپریل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے 62ویں ورچوئل اجلاس میں ہوا، جس میں پی ایس ایل 6 کے باقی میچز کے انعقاد کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچوں کیلئے ممکنہ منصوبہ تیار
اجلاس کے دوران بورڈ آف گورنرز کو پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں بائیو سیکیور پروٹوکولز اور ضمنی قوانین کے جائزے کے لیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی ہدایت پر تشکیل کی گئی دو رکنی کمیٹی کی رپورٹ پر مبنی ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔
بورڈ آف گورنرز نے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس میں سامنے آنے والی خامیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے بہتری کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں بورڈ آف گورنرز نے سخت پروٹوکولز کے نفاذ سمیت کمٹی کی جانب سے پیش کی گئی تمام تجاویز سے اتفاق کیا جن میں شرکا کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کورونا وائرس کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹولیرنس یا صفر رواداری کا نقطہ نظر (zero-tolerance approach) اپنانا بھی شامل ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا مکمل انعقاد ایک محفوظ ماحول میں کرنا چاہتا ہے اور اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایک حکمت عملی اپنائی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کو گزشتہ سیزن کی طرح مکمل کیا جائے گا، پی سی بی
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اس ضمن میں پی سی بی، عالمی سطح پر تسلیم کردہ سیفٹی مینجمنٹ کمپنی کے تقرر کے آخری مراحل میں ہے جو کورونا وائرس سے پاک بائیو سیکیور مانیٹرنگ کی تیاری اور اس کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے مثبت کیسز کے ردعمل اور ان کا جواب دینے میں بھی مہارت رکھتی ہے۔
ایونٹ کے تمام 20 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے، نائٹ میچز کا آغاز رات 8 بجے جبکہ ڈبل ہیڈر والے دن پہلا میچ شام 5 بجے اور دوسرا رات 10 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کا شیڈول کچھ یوں ہے:
- یکم جون: لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ (نائٹ)
- 2 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز (نائٹ)
- 3 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (نائٹ)
- 4 جون: پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز (نائٹ)
- 5 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز (ڈے) اور ملتان سلطانزبمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (نائٹ)
- 6 جون: پشاور زلمی بمقابلہ کراچی کنگز (نائٹ)
- 7 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ لاہور قلندرز (نائٹ)
- 8 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ پشاور زلمی (نائٹ)
- 9 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز (نائٹ)
- 10 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز (نائٹ)
- 11 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ (نائٹ)
- 12 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ پشاور زلمی (ڈے) اور کراچی کنگز بمقابلہلاہور قلندرز (نائٹ)
- 13 جون: اسلام آباد یونائٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی (نائٹ)
- 14 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ لاہور قلندرز (نائٹ)
- 16 جون: کوالیفائر(1 بمقابلہ 2) (نائٹ)
- 17 جون: ایلیمینیٹر1(3 بمقابلہ4) (نائٹ)
- 18 جون: ایلیمینیٹر ٹو (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلیمینٹر ون کیفاتح ٹیم) (نائٹ)
- 20 جون: فائنل (نائٹ)