امریکی کمپنیوں کے درمیان ’شیطانی جوتوں‘ کا تنازع حل ہوگیا
اسپورٹس مصنوعات بنانے والی امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی ’نائیکی‘ اور جوتے تیار کرنے والی دوسری امریکی کمپنی ’ایم ایس ایچ ایف‘ کے درمیان ’شطانی جوتوں‘ کا تنازع حل ہوگیا۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان ’شیطانی جوتوں‘ کے معاملے پر گزشتہ ماہ مارچ میں تنازع شروع ہوا تھا۔
’نائیکی‘ کا دعویٰ تھا کہ دوسری کمپنی نے ان کے جوتوں کا ڈیزائن چوری کرکے ’شیطانی جوتے‘ فروخت کیے، جس کی وجہ سے ان کا نام خراب ہوا۔
دوسری کمپنی نے ’شیطانی جوتوں‘ کے صرف 666 جوڑے بنائے تھے، جنہیں آن لائن فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا اور کمپنی کے تمام جوتے محض ایک منٹ میں ہی فروخت ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی خون کے قطرے کے ساتھ بنے ’شیطانی جوتوں‘ پر تنازع
مذکورہ جوتوں کو ’شیطانی جوتے‘ اس لیے نام دیا گیا تھا، کیوں کہ مذکورہ جوتوں کے تلووں میں سرخ سیاہی اور انسانی خون کے قطرے موجود تھے۔
مذکورہ جوتوں کو فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے بعد ’نائیکی‘ نے دوسری کمپنی پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، جس پر عدالت نے ’نائیکی‘ کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔
عدالت نے جوتے بنانے والی کمپنی کو ’شیطانی جوتوں‘ کی فروخت سے روک دیا تھا، جس کے بعد کمپنی نے فروخت کیے گئے 666 جوڑوں کی ترسیل روک دی تھی۔
مزید پڑھیں: عدالتی حکم کے بعد ’شیطانی جوتوں‘ کی فروخت بند
اور اب دونوں کمپنیوں کے درمیان تنازع ہوگیا، جس کے تحت جوتے بنانے والی کمپنی ’شیطانی جوتوں‘ کو اب کبھی بھی فروخت نہیں کرے گی اور وہ تمام خریداروں کو پیسے واپس کرے گی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ’نائیکی‘ اور ’ایم ایس ایچ ایف‘ کے درمیان معاہدہ طے پاجانے کے بعد نائیکی نے کیس واپس لے لیا۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدے کے تحت جوتے بنانے والی کمپنی تمام خریداروں کو رقم واپس کرے گی اور وہ جوتوں کو فروخت نہیں کرے گی، کیوں کہ مذکورہ جوتے کا ڈیزائن چوری شدہ ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ معاہدہ طے پاجانے کے بعد اب ممکنہ طور پر دونوں کمپنیاں ’شیطانی جوتوں‘ کو تھوڑی سی تبدیلی کے ساتھ دوبارہ فروخت کے لیے مشترکہ طور پر پیش کریں گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔