لائف اسٹائل

فواد عالم اور فاریہ حسن کی ’خودکش محبت‘

قومی کرکٹر جلد ہی اداکاری کے میدان میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، ان کی ویب سیریز کے ٹریلر کو کافی لوگوں نے پسند کیا۔

کرکٹ کے میدان میں جھنڈے گاڑنے اور ریکارڈ بنانے والے پاکستانی کرکٹر فواد عالم کی پہلی ویب سیریز ’خودکش محبت‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

’خودکش محبت‘ اگرچہ فواد عالم کا پہلا بڑا شوبز منصوبہ ہے تاہم اس سے قبل وہ کچھ مزاحیہ ڈراموں میں مہمان اداکار کے طور پر اداکاری کر چکے ہیں جب کہ وہ مختلف اشتہارات میں ماڈلنگ بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اور جلد ہی وہ ’اردو فلکس‘ کی رومانوی سیریز ’خودکش محبت’ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’خودکش محبت‘ کے ڈیڑھ منٹ دورانیے کے ٹریلر کو دیکھ کر کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے تاہم عندیہ ملتا ہے کہ ویب سیریز کی کہانی صرف رومانس تک محدود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فواد عالم کھیل کے بعد اداکاری کے میدان میں اترنے کو تیار

مختصر ٹریلر میں فواد عالم کو محبت میں گرفتار ہوتے ہوئے اور پھر محبت کی خاطر جبر و تشدد برداشت کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فواد عالم کا تعلق قدرے مذہبی گھرانے سے ہے اور حیران کن طور پر ان کی محبت بھی بڑے مذہبی گھرانے کی خوبصورت لڑکی سے ہوجاتی ہے۔

ٹریلر میں فواد عالم اور مرکزی اداکارہ فاریہ حسن کو ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی دکھایا گیا ہے کہ ان کی محبت میں کس طرح خاندان والے آڑے آتے ہیں۔

’خودکش محبت‘ کی ہدایات راؤ ایاز شہزاد نے دی ہیں جب کہ اسے اردو فلکس کے ہی فرحان گوہر پروڈیوس کر رہے ہیں۔

اپنی پہلی ویب سیریز کے ٹریلر کے سامنے آنے کے بعد فواد عالم نے انڈیپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور بتایا کہ اگر انہیں بڑے پردے پر بھی کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور کام کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد عالم نے ایک تیر سے تین شکار کیے اور کہا کہ وہ چاہیں گے کہ انہیں بیک وقت ماہرہ خان، مہوش حیات اور مایا علی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

فواد عالم نے تینوں اداکاراؤں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ مذکورہ بڑی ہیروئنز کے ساتھ کام کریں گے تو انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

کرکٹر نے بتایا کہ انہیں اداکاری کرنے کا کافی شوق تھا مگر وقت اور موقع نہ ملنے کی وجہ سے انہیں اپنا شوق پورا کرنے میں تاخیر ہوئی۔

ایک سوال کے جواب میں فواد عالم نے بتایا کہ نہ صرف کرکٹرز بلکہ دنیا کا ہر انسان ایک طرح سے اداکار ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ موقع ملنے پر ڈراموں اور ویب سیریز سمیت فلموں میں بھی کام کرنا چاہیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’خودکش محبت‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ویب سیریز کو اگلے ماہ تک ریلیز کردیا جائے گا۔

علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کیس: میشا شفیع کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

امریکا نے انسانی اسمگلنگ کا پاکستانی نیٹ ورک بے نقاب کردیا

فوجی قیادت کا کووڈ-19 کی تیسری لہر کے دوران سول انتظامیہ کی مدد جاری رکھنے کا عزم