پاکستان

فوجی قیادت کا کووڈ-19 کی تیسری لہر کے دوران سول انتظامیہ کی مدد جاری رکھنے کا عزم

آرمی چیف کی زیر سربراہی کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی، عالمی اور داخلی و ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
|

راولپنڈی: کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی قیادت نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران وائرس پر قابو پانے کے لیے سول انتظامیہ کی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 240ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل اسٹاف افسران نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: کور کمانڈرز کانفرنس کا ڈاکٹر،طبی عملے،سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین

شرکا نے علاقائی، عالمی اور داخلی و ملکی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور افواج پاکستان کی حالیہ فارمیشنز مشقوں کے نتائج اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔

شرکاء نے مشرقی سرحدوں اور خصوصاً لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جس میں دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان جنگ بندی معاہدے سے متعلق سمجھوتے پر عملدرآمد کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی قیادت نے حق خود ارادیت کی جدوجہد کے حوالے سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فوجی قیادت نے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے سابق فاٹا کے اضلاع میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا۔

کور کمانڈر کے شرکا نے اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ ان علاقوں میں سول انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ ترقیاتی پلان پر عملدرآمد تیز کریں تاکہ جلد ازجلد سول انتظامیہ کو ان کی منتقلی کا عمل مکمل کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: 'پاکستان مخالف عناصر کے ففتھ جنریشن وار، ہائبرڈ ہتھکنڈوں کو ناکام بنانا ہوگا'

فوجی قیادت نے افغان امن عمل کے حوالے سے ہونے والی مثبت پیش رفت اور کوششوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا جبکہ شرکا کو دوست ممالک کے ساتھ فوجی روابط کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے ملکی داخلی سلامتی کی صورتحال خصوصاً کورونا وائرس کی تیسری لہر کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے افواج پاکستان سول انتظامیہ کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔

جب مجھے محترمہ کے جلال و جمال کو انتہائی قریب سے دیکھنے کا موقع ملا

'ہمارے علاقے میں 40 سال سے سرکاری پانی سپلائی نہیں ہوا‘

جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کے باوجود قومی ٹیم کیلئے پریشانی کن بات کیا ہے؟