لائف اسٹائل

شادی سے قبل ہی 'اُمید' سے تھی، دیا مرزا کا اعتراف

بولی وڈ اداکارہ نے رواں برس 14 فروری کو شادی کی تھی اور یکم اپریل کو انہوں نے اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کا اعلان کیا تھا۔

رواں برس 15 فروری کو شادی کے بندھن میں بندھنے والی بولی وڈ اداکارہ دیا مرزا نے یکم اپریل کو اپنے حاملہ ہونے کی تصدیق کردی تھی اور اب انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ شادی سے قبل حاملہ ہوگئی تھیں۔

دیا مرزا نے یکم اپریل کو انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ امید سے ہیں، تصویر میں ان کے بے بی بمپ سے اندازہ ہو رہا تھا کہ ان کا حمل 12 سے 14 ہفتوں کا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے حمل کا اعلان کرنے کے بعد لوگوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے چہ مگوئیاں شروع کیں کہ شادی کے ایک ماہ بعد حمل ہوجانے کے بعد اس طرح کا بے بی بمپ نہیں ہوتا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں بھی چہ مگوئیاں تھیں کہ ممکنہ طور پر اداکارہ شادی سے قبل حاملہ ہوگئی تھیں تاہم اب اداکارہ نے اس بات کی تصدیق کردی۔

یہ بھی پڑھیں: دیا مرزا نے صنعت کار ویبھو ریکھی سے دوسری شادی کرلی

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دیا مرزا نے اپنے امید سے ہونے کا اعلان کرنے کے وقت شیئر کی گئی تصویر پر ایک مداح کے سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ جب وہ شادی کرنے کی تیاریوں میں مصروف تھیں تب انہیں علم ہوا کہ وہ امید سے ہیں۔

اداکارہ سے ایک مداح نے سوال کیا تھا کہ اگر وہ حاملہ ہو بھی گئی تھیں تو انہوں نے اس کا اعلان شادی سے پہلے کیوں نہیں کیا تھا؟ اور کیا شادی سے پہلے خواتین امید سے نہیں ہو سکتیں کیا؟

مداح کے سوال پر اداکارہ نے ان کے سوال کو دلچسپ قرار دیا اور ان پر واضح کیا کہ انہوں نے صرف اسی وجہ سے شادی نہیں کی کہ وہ حاملہ ہوگئی تھیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ وہ ویبھو ریکھی کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتی تھیں اور انہوں نے پہلے ہی شادی کا فیصلہ کرلیا تھا، اس لیے انہوں نے شادی کی۔

مزید پڑھیں: کیا دیا مرزا شادی سے قبل ہی حاملہ ہوگئی تھیں؟

تاہم ساتھ ہی دیا مرزا نے لکھا کہ جب وہ شادی کرنے کی تیاریوں میں مصروف تھیں، تب انہیں علم ہوا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے مگر انہوں نے اس وقت بعض طبی پیچیدگیوں کے باعث اس بات کا اعلان نہیں کیا۔

دیا مرزا کا کہنا تھا کہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے انہیں بھی مکمل طور پر یقین نہیں تھا مگر شادی کے بعد جب انہیں مکمل یقین ہوا تو انہوں نے امید سے ہونے کا اعلان کیا۔

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ خاتون کا ماں بننا زندگی کا بہترین احساس ہوتا ہے اور اس عمل پر کسی کو شرمندہ نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی انہیں شرمندہ کیا جانا چاہیے۔

دیا مرزا نے جواب میں لکھا کہ ہمیں سماج کی فرسودہ روایات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں ایسے سوال بند کرنا ہوں گے کہ کیا صحیح ہے، کیا غلط ہے۔

خیال رہے کہ دیا مرزا نے عالمی یوم محبت کے موقع پر 14 فروری 2021 کو دوسری شادی ویبھو ریکھی سے کی تھی اور ان کے شوہر کی بھی یہ دوسری شادی ہے۔

دیا مرزا نے پہلی شادی 2014 میں صنعت کار و فلم پروڈیوسر ساحل سنگھا سے کی تھی تاہم دونوں کے درمیان اگست 2019 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

’اثر و رسوخ‘ استعمال کرکے کورونا ویکسین لگوانے پر عفت عمر کی معذرت

آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے 1.5 فیصد شرح نمو کی پیش گوئی

لیگی سینیٹرز کا صادق سنجرانی سے انہیں 'آزاد گروپ' کی حیثیت میں تسلیم کرنے کا مطالبہ