پاکستان

'ملک میں 20 لاکھ سے زائد افراد ویکسین کیلئے رجسٹریشن کرواچکے ہیں'

رجسٹرڈ افراد میں 6 لاکھ ہیلتھ ورکرز، 50 سال سے معمر 14 لاکھ شہری ہیں، 10 لاکھ سے زائد کو ویکسینز لگائی جاچکی ہیں، اسد عمر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اب تک ملک میں 20 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کے حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لیے اپنا اندراج کرواچکے ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ رجسٹرڈ افراد میں سے 6 لاکھ ہیلتھ ورکرز جبکہ 14 لاکھ 50 سال سے زائد عمر کے شہری ہیں۔

ویکسینیشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے آگاہ کیا کہ اب تک ملک میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسینز لگائی جاچکی ہیں۔

اس تعداد میں سے صرف گزشتہ روز 76 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: باری کے بغیر ویکسین حاصل کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا عندیہ

ایک اور ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پابندیوں میں اضافے، سرحدی لاک ڈاؤنز اور ایس او پیز کے سختی سے نفاذ نے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا مثبت کیسز میں ست روی کی ابتدائی علامات ہیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 ہفتوں سے کیسز میں اضافے کے باعث انتہائی نگہداشت میں زیر علاج مریضوں اور اموات کی تعداد مزید کچھ عرصے تک بدستور بلند رہے گی۔

انہوں نے اپنے پیغامات میں عوام سے اپیل کی کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کروائیں اور ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے محفوظ رہیں۔

مزید پڑھیں: 80 سال اور اس سے معمر شہریوں کو ان کے گھروں میں ویکسین لگانے کا فیصلہ

خیال رہے کہ حکومت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق 50 سال سے معمر افراد اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 1166 پر میسیج کے ذریعے بھیج کر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔

اس پیغام کے جواب میں انہیں ان کے متعلقہ ویکسینیشن سینٹر اور تاریخ سے آگاہ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 80 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کو ان کے گھروں میں کووِڈ 19 کی ویکسین لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز آئندہ چند روز میں ہوجائے گا۔

علاوہ ازیں 65 سال سے معمر افراد واک ان ویکسینیشن کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں یعنی انہیں ویکسین لگوانے کے لیے پیشگی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں وہ کسی بھی ویکسینیشن سینٹر میں جا کر ٹیکہ لگوانے کے ساتھ اسی وقت اپنا اندرج کرواسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی کا وزیر کے اہلِ خانہ کی ویکسینیشن کی ویڈیو پر انکوائری کا فیصلہ

ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تقریباً 10 لاکھ کے قریب افراد کو اس مہلک وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگ چکی ہے اس کے باوجود 75 فیصد آبادی کو حفاظتی ٹیکے لگانے میں ایک دہائی کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے اعلان کیا تھا کہ 18 سال سے زائد عمر کے ایک کروڑ پاکستانی ویکسینیشن کے اہل ہوں گے اور اس میں سے 75 فیصد کو رواں سال کے اواخر تک ویکسین لگا دی جائے گی۔

نیب کی ضمانت منسوخی کی درخواست، مریم نواز کی جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا

قصور: خاتون کے ساتھ 'بدسلوکی' پر سب انسپکٹر معطل

مسافر طیارہ مار گرانے کا واقعہ: ایران میں 10 عہدیداروں پر فرد جرم عائد