پاکستان

24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 103 اموات، فعال کیسز 63 ہزار سے متجاوز

ملک میں مزید 3 ہزار 953 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، 2 ہزار 198 مریض صحتیاب ہوگئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ساتھ ویکسینیشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور نجی شعبے کو ویکسین کی فروخت کی اجازت ملنے سے 50 سال سے کم عمر افراد بھی اس مہلک وبا سے بچاؤ کے ٹیکے لگوارہے ہیں۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 953 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 103 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 5 اپریل کو مجموعی طور پر 46 ہزار 665 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8.4 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 63 ہزار 102 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 96 ہزار 184 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 14 ہزار 924 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 198 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 18 ہزار 158مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 6 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 221 افراد اس وائرس کا شکار بنے جبکہ 88 انتقال کر گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 35 ہزار 569 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 675 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 308 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 926 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید ایک مریض کا انتقال ہوا مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 510 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز 610 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 12 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 93 ہزار 33 ہے جبکہ 2 ہزار 469 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کئی ماہ بعد یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 70 تک جا پہنچی ہے تاہم گزشتہ 3 روز سے مزید اموات رپورٹ نہیں ہوئیں۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 855 کیسز اور 211 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 659 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید ایک مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 62 ہزار 211 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 584 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 83 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 13 ہزار 529 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 372 انتقال کر گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 61 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

یو ای ٹی پشاور نے کم لاگت والے سولر پینلز تیار کرلیے

مقامی قرض میں 2 ہزار 596 ارب روپے تک کا اضافہ

کرمنل ریکارڈ رکھنے والے پنجاب کے تمام ایس ایچ اوز کو معطل کرنے کا حکم