لائف اسٹائل

ٹک ٹاک اسٹارز کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر نے شادی کرلی

نکاح کے موقع پر کنول آفتاب نے کریم رنگ اور ذوالقرنین نے سفید رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔

پاکستانی ٹک ٹاک اسٹارز کنول آفتاب اور ذوالقرنین شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

شارٹ ویڈیو ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے مقبول ہونے والے ان ٹک ٹاکرز کی شادی اتوار (4 اپریل) کی رات کو ہوئی۔

کنول آفتاب کو پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد فالوورز والی دوسری پاکستانی ٹک ٹاکر بننے کا اعزاز حاصل ہے اور ان کے ٹک ٹاک فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 21 لاکھ سے زائد ہے۔

دوسری جانب ذوالقرنین سکندر کے ٹک ٹاک فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد ہے۔

دو روز قبل کنول آفتاب نے انسٹاگرام اسٹوریز میں مہندی لگے ہاتھوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ذوالقرنین سے شادی سے متعلق بتایا تھا۔

جس کے بعد انہوں نے اپنی ڈھولکی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

گزشتہ روز ذوالقرنین سکندر نے فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی شادی کا دعوت نامہ بھی شیئر کیا تھا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'کسی نے پوچھا کہ برکت کس میں ہے، اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا نکاح میں'۔

کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر کے نکاح کی ویڈیوز فیس بُک، انسٹا گرام، ٹک ٹاک پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہیں جبکہ ٹوئٹر پر کنول آفتاب کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کررہا ہے۔

نکاح کے موقع پر کنول آفتاب نے کریم رنگ اور ذوالقرنین نے سفید رنگ کے لباس کا انتخاب کیا تھا۔

کنول آفتاب نے کریم رنگ کا غرارہ زیب تن کیا تھا اور ساتھ ہی سرخ رنگ کا دوپٹہ اوڑھا تھا جس پر 'ذوالقرنین کی دلہن' اور پلو پر 'قبول ہے' لکھا ہوا تھا۔

ذوالقرنین سکندر نے سفید رنگ کا کرتا شلوار پہنا تھا اور ساتھ میں سرخ رنگ کا ویسٹ کوٹ پہنا تھا۔

بعدازاں کنول آفتاب نے ذوالقرنین سکندر کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر اپنے آفیشل اکاؤنٹس پر شیئر کی تھی۔

گھر میں محدود پیمانے پر منعقد ہونے والی دونوں ٹک ٹاکرز کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں اور انہیں بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

مداحوں کی جانب سے دونوں ٹک ٹاکرز کو مبارکباد دینے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔