پاکستان

میجر جنرل ثاقب محمود کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی

آئی ایس پی آر کے مطابق میجرجنرل ثاقب محمود ملک کو لیفٹننٹ جنرل بناکر فوج کا چیف آف لاجسٹکس تعینات کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے میجر جنرل ثاقب محمود کو ترقی دے کر چیف آف لاجسٹکس اسٹاف تعینات کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میجر جنرل ثاقب محمود ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ترقی کے ساتھ ہی لیفٹیننٹ جنرل ثاقب محمود ملک کو پاک فوج کا چیف آف لاجسٹکس اسٹاف تعینات کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں و تبادلے، 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا

یاد رہے کہ نومبر 2020 میں پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر افسران کی ترقی، تبادلے اور تعیناتیاں کی گئی تھیں اور 6 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقیاں دے دی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ فوج میں 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔

ترقی پانے والے ان 6 افراد کے ناموں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے لکھا تھا کہ جن میجر جنرلز نے ترقی پائی ہے ان میں میجر جنرل اختر نواز، میجر جنرل سردار حسن اظہر حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل سلمان فیاض غنی، میجر جنرل سرفراز علی اور میجر جنرل محمد علی شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید 2 ٹوئٹس میں پاک فوج میں ہونے والے تبادلوں اور تعیناتیوں کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کو کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کور کمانڈر ملتان، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا کور کمانڈر بہاولپور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کمانڈر سدرن کمانڈ اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کمانڈر اے ایس ایف سی تعینات کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو انسپکٹر جنرل آرمز تعینات کردیا گیا، اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایوالوشن، لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات ملٹری سیکریٹری اور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو انسپکٹر جنرل کمیونکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی تعینات کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاک فوج میں وقتاً فوقتاً افسران کی تقرریاں اور تبادلے ہوتے رہتے ہیں، گزشتہ سال جون میں نگار جوہر کو پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

اس سے قبل مارچ میں پاک فوج کے میڈیکل کور کے 11 افسران سمیت 36 برگیڈیئرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

مارچ 2020 میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت پروموشن بورڈ کے اجلاس میں میڈیکل کور کے 11 افسران سمیت 36 بریگیڈیئرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی تھی۔

بھارت: ماؤ باغیوں سے جھڑپ میں سیکیورٹی فورسز کے 22 اہلکار ہلاک

193رنز کی اننگز، فخر زمان نے عالمی ریکارڈ بنا دیا

خیبرپختونخوا: مسلح افراد کی فائرنگ سے اے ٹی سی جج سمیت 4 افراد جاں بحق