صحت

مسلز مضبوط بنانے والی اس غذا کا استعمال عادت بنالیں

وقت گزرنے کے ساتھ اس غذائی عادت کے نتیجے میں دل اور دماغ کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔

اپنے مسلز کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں؟ تو اپنی غذا میں سبز پتوں والی سبزیوں کا استعمال بڑھا دیں۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

طبی جریدے جرنل آف نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ سبز پتوں والی سبزیاں بالخصوص پالک مسلز کی مضبوطی کے حوالے سے جادو اثر ثابت ہوسکتی ہیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ نائٹریٹ سے بھرپور سبزپتوں والی سبزیاں کھانے سے مسلز کے افعال بہتر ہوتے ہیں، جس سے فریکچر اور دیگر مسائل کی روک تھام ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق جسم میں جاکر نائٹریٹ تبدیل ہوکر نائٹرک آکسائیڈ بن جاتی ہے جو خون کی شریانوں کو کشادہ کرنے، دوران خون اور ورزش کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

وقت گزرنے کے ساتھ اس غذائی عادت کے نتیجے میں دل اور دماغ کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔

تحقیق کے دوران 3 ہزار 7 سو سے زیادہ آسٹریلین شہریوں کی صحت کی جانچ پڑتال 12 سال تک کی گئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سبز پتوں والی سبزیوں کے ذریعے نائٹریٹ کو زیادہ جزو بدن بنانے والے افراد کے پیر اور پنڈلیاں 11 فیصد زیادہ مضبوط ہوتی ہیں، ان کے چلنے کی رفتار دیگر افراد کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ تیز ہوتی ہے۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ ان سبزیوں سے لوگوں کے مسلز کی مضبوطی بڑھ جاتی ہے، چاہے وہ ورزش کرتے ہوں یا نہیں۔

خیال رہے کہ جسم کے مسلز کو ورزش کے دوران زیادہ آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے اور نائٹرک آکسایڈ خون کی شریانوں کو کشادہ کرنے کے ساتھ مسلز تک زیادہ آکسیجن کی فراہمی یقینی بناتی ہے۔

آکسیجن کی فراہمی بڑھنے سے مسلز کو زیادہ بہتر کام کرنے میں بھی مدد ملتی ہے جس سے بھی مسلز کی مضبوطی بڑھتی ہے۔

مسلز کی مضبوطی مجموعی صحت کے لیے انتہائی اہم ہوتی ہے کیونکہ اس سے روزمرہ کے کام جیسے بھاری اشیا اٹھانا، چلنے اور دیگر میں مدد ملتی ہے۔

مسلز کی مضبوطی جوڑوں اور ہڈیوں کی صحت کے لیے بھی ضروری ہوتی ہے جس سے تکلیف اور انجریز کی روک تھام ہوتی ہے۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پالک اور دیگر سبزپتوں والی سبزیاں جسمانی صھت کے لیے بہت مفید ہوتی ہیں اور اگر کسی کو یہ سبزیاں پسند نہیں تو وہ ڈاکٹر کے مشورے سے نائٹریٹ سپلیمنٹس کا استعمال کرسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ایک دن میں ایک کپ سبزپتوں کی سبزیاں کھانا بیشتر افراد کی ضروریات کے لیے کافی ہوتا ہے۔

مسلز بنانے میں مددگار غذائیں

مسلز بنانے کے لیے بہترین عمر کیا ہے؟

جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کی واضح علامات اور نشانیاں