پاکستان

مولانا طارق جمیل نے ملبوسات کے برانڈ کا افتتاح کردیا

ایم ٹی جے برانڈ کی افتتاحی تقریب کراچی میں واقع تاریخی موہٹہ پیلس میں ہوئی۔

معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے اپنے نام سے شروع کیے جانے والے ملبوسات کے برانڈ ایم ٹی جے کا افتتاح کردیا۔

ایم ٹی جے برانڈ کی افتتاحی تقریب کراچی میں واقع تاریخی موہٹہ پیلس میں 3 اپریل بروز ہفتے کی شام کو منعقد ہوئی۔

برانڈ کی لانچنگ کے موقع پر معروف اینکر اور میزبان وسیم بادامی اور نورالحسن نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیے۔

ایونٹ کا آغاز تلاوت سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ بھی پڑھا گیا پھر عالمی شہرت یافتہ قوال اور گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے حمد باری تعالیٰ 'وہی خدا ہے' پڑھی۔

ایم ٹی جے برانڈ کی لانچنگ کے موقع پر شفقت امانت علی نے اسما الحسنیٰ پڑھے جبکہ شیث خان نے نعتِ رسول مقبولﷺ پڑھی۔

مولانا طارق جمیل کے برانڈ کے افتتاح کی تقریب ایم ٹی جے برانڈ کے آفیشل فیس بک پیج اور یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر بھی ہوئی تھی۔

تقریب میں جامعہ دارالعلوم کے نائب مہتمم اور ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کا خصوصی ریکارڈ شدہ پیغام بھی نشر کیا گیا تھا جو مختلف وجوہات کی بنا پر شریک نہیں ہوسکے تھے۔

مفتی تقی عثمانی نے اللہ تعالیٰ مولانا طارق جمیل کے نئے کاروبار سے متعلق کہا کہ تجارت اگر حلال اور اچھے طریقے سے کی جائے تو یہ بھی بہت بڑا ثواب کا کام ہے۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا بھی مولانا طارق جمیل کے برانڈ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے تھے اور وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا اور انہیں مبارکباد دی۔

بعدازاں مولانا طارق جمیل نے دعا کرائی اور اپنے بیان میں کہا کہ ان کی تجارت کا مقصد مدارس کو چلانا ہے تاکہ ان کا انحصار زکوٰۃ پر نہ ہو۔

خیال رہے کہ ایم ٹی جے، ملبوسات کو نجی کلاتھنگ برانڈ ڈائنرز کے اشتراک سے متعارف کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایم ٹی جے، ملبوسات کو ایک اور نجی برانڈ کے اشتراک سے لانچ کیا گیا ہے۔

2 اپریل کو ایم ٹی برانڈ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر برانڈ لانچ ایونٹ کا دعوت نامہ بھی جاری کیا گیا تھا۔

دعوت نامے کے مطابق تقریب کا انعقاد موہٹہ پیلس میں کیا گیا اور حکومت سندھ کی جاری کردہ ایس او پیز کے سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ بچوں کا داخلہ ممنوع تھا۔

خیال رہے کہ فروری میں مولانا طارق جمیل کے حوالے سے یہ کہا جارہا تھا کہ انہوں نے کاروبار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اپنے نام سے برانڈ قائم کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں یہ کہا جارہا تھا کہ اس برانڈ کے ذریعے شلوار قمیض اور کُرتے فروخت کیے جائیں گے۔

تاہم سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے تھے کہ مولانا طارق جمیل کو اب کاروبار کرنے کا خیال کیوں آیا اور برانڈ لانچ کرنے سے ان کے کیا مقاصد ہیں۔

جس پر مولانا طارق جمیل نے اپنے نام سے شروع کیے جانے والے کپڑوں کے برانڈ سے متعلق وضاحت دی تھی اور کہا تھا کہ برانڈ سے کاروبار کا کوئی ارادہ نہیں بلکہ اس کی آمدنی فاؤنڈیشن کے لیے خرچ کی جائے گی۔

مولانا طارق جمیل کا خود سے منسوب گاڑی کی تصویر سے متعلق ردعمل سامنے آگیا

ایم ٹی جے برانڈ سے کاروبار کا ارادہ نہیں، آمدنی فاؤنڈیشن میں لگاؤں گا، مولانا طارق جمیل

مولانا طارق جمیل ایک ہفتے میں کورونا سے صحتیاب ہوگئے