کھیل

بابراعظم کی سنچری، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے میچ میں شکست دے دی

جنوبی افریقہ نے ڈوسن کے 123رنز کی بدولت 273 رنز بنائے جبکہ پاکستان نے بابر اعظم کی سنچری کی مدد سے ہدف آخری گیند پر حاصل کرلیا۔

پاکستان نے کپتان بابر اعظم کی شان دار سنچری اور امام الحق کی نصف سنچری کی بدولت ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 274 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میزبان ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے 274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز شروع کی تو تجربہ کار اوپنر فخر زمان 8 رنز بنا کر تیسرے اوور میں 9 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، تاہم کپتان بابر اعظم نے کریز سنبھال لی اور امام الحق کے ساتھ مل کر محتاط انداز میں اسکور آگے بڑھایا۔

دونوں بلے بازوں نے شان دار شراکت کے دوران اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 104 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

بابراعظم کی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے اور وہ 103 رنز بنا کر نارٹجے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 32ویں اوور میں 186 رنز تھا۔

امام الحق اور محمد رضوان کے درمیان شراکت بھی طول نہیں پکڑ سکی اور 193 پر امام الحق 70 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم اور امام الحق نے ٹیم کو ایک پوزیشن پر پہنچایا تھا لیکن اپنا پہلا میچ کھیلنے والے دانش عزیز 3 اور آصف علی 2 رنز بنانے کے بعد جلد ہی آؤٹ ہوگئے، جس کے نتیجے میں ٹیم ایک مرتبہ پھر دباؤ میں آگئی۔

محمد رضوان اور شاداب خان نے اچھی شراکت کی اور اسکور 256 رنز تک پہنچایا لیکن محمد رضوان ایک اہم موقع پر 40 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

شاداب خان بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے لیکن آخری اوور کی پہلی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب جیت کے لیے صرف 3 رنز درکار تھے۔

فہیم اشرف نے 3 رنز بنانے کے لیے 5 گیندوں کا انتظار کروایا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر ایک رن بنا کر ٹیم کو 3 وکٹوں سے فتح دلائی۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 274 رنز بنائے، فہیم اشرف 10 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ڈوسن کی سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف 3 میچوں کی ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں ابتدائی طور پر نقصان میں جانے کے باوجود مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 273 رنز بنا لیے تھے۔

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی باؤلرز نے شان دار کارکرگدی دکھاتے ہوئے محض 55 رنز پر میزبان ٹیم کے 4 بلے بازوں کو پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا تھا، تاہم ڈوسن نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور معقول ہدف ترتیب دے دیا۔

کپتان کوئنٹن ڈی کوک اور ایڈن مرکرم نے 34 رنز کی اوپننگ شراکت کی تھی جس کو شاہین شاہ آفریدی نے توڑ دیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے کوئنٹن ڈی کوک کو بابراعظم کے ہاتھوں کیچ کروایا جبکہ انہوں نے 20 رنز بنائے تھے، جس کے بعد 19 رنز بنانے والے مرکرم کو 41 کے مجموعے پر فہیم اشرف کا کیچ بنا دیا۔

جنوبی افریقہ کو تیسرا نقصان محمد حسنین نے 43 کے اسکور پر پہنچایا جب کپتان ٹیمبا باووما صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف نے ہینرک کلاسان کو ایک رن سے آگے بڑھنے نہیں دیا اور 55 کے اسکور پر آؤٹ کیا۔

ریسی وینڈر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے چوتھی وکٹ میں سنچری کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو بحرانی کیفیت سے نکال لیا اور 116 رنز کی شراکت کے دوران ملر نے نصف سنچری مکمل کی۔

حارث رؤف نے نصف سنچری بنا کر خطرناک عزائم دکھانے والے جارح مزاج بلے باز کو وکٹ کیپر محمد رضوان کا کیچ بنا دیا، اس وقت جنوبی افریقہ کا اسکور 171 رنز تھا۔

ڈیوڈ ملر کے بعد اینڈیلے فیلکوایو نے 235 کے اسکور تک ڈوسن کا ساتھ دیا اور47 ویں اوور میں 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈوسن اور کگیسو رابادا نے ساتویں وکٹ میں اسکور کو مزید آگے بڑھایا اور ٹیم کی اننگز مزید کسی نقصان کے مکمل کی۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 273 رنز بنائے۔

ڈوسن نے آؤٹ ہوئے بغیر 134 گیندوں پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے، رابادا نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ان دنوں دورہ جنوبی افریقہ پر ہے جہاں وہ 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 4 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 7 اپریل کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض تیمبا بووما انجام دیں گے۔

ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز 10 اپریل سے شروع ہوگی جس کا دوسرا میچ 12 اپریل، تیسرا میچ 14 اپریل جبکہ چوتھا اور آخری میچ 16 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

پہلے دو میچ جوہانسبرگ اور آخری دو میچ سنچورین کے میدان میں کھیلے جائیں گے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

جنوبی افریقہ: تیمبا بووما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کاک، ایڈن مارکرام، راسی وین ڈیر ڈوسین، ہینرک کلاسین، ڈیوڈ ملر، اندیلے پھیلوکوایو، کاگیسو ربادا، آنرچ نورجے، لونفی نگیدی، تبریز شمسی

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، دانش عزیز، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، حارث رؤف

کورونا کا شکار سچن ٹنڈولکر ہسپتال داخل

’ساتھیو، مجاہدو، جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘ گانے والے شوکت علی انتقال کر گئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 5 ہزار 234 افراد متاثر، 83 انتقال کر گئے