فیس بک نے خاموشی سے بڑی تبدیلیاں متعارف کرادیں
دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے خاموشی سے صارفین کے مطالبات کو پورا کرتے ہوئے نیوز فیڈ میں کافی عرصے بعد تبدیلیاں متعارف کرادیں۔
فیس بک کو ہر وقت نئے فیچرز اور تبدیلیوں کی وجہ سے ہی اب تک پسند کیا جاتا رہا ہے اور اب سوشل سائٹ نے آن لائن تنقید سے بچنے کے لیے بھی نیا طریقہ متعارف کرادیا۔
فیس بک نے خاموشی سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے فیچرز کو متعارف کرایا ہے، جنہیں کافی پسند بھی کیا جا رہا ہے۔
اگر آپ نے فیس بک کی نئی تبدیلیوں اور فیچرز پر غور نہیں کیا تو ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ سوشل سائٹ نے آپ کے اکاؤنٹ میں کیا تبدیلیاں کی ہیں۔
اگر آپ 31 مارچ کے بعد اپنے فیس بک کے ہوم پیج کے بار مینیو میں نہیں گئے تو اب جاکر دیکھیں کہ سوشل سائٹ نے کیا تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک کے مقابلے کے لیے فیس بک میں مختصر ویڈیوز کے فیچر کی آزمائش
فیس بک کے ہوم پیج پر جہاں آپ کو پیجز، گروپس اور میموریز کے فیچرز دکھائی دیتے ہیں، وہیں پر اب فیس بک نے متعدد نئے فیچرز بھی متعارف کرائے ہیں، جن میں سے دو فیچرز کو فیس بک نے 31 مارچ کو متعارف کرایا۔
اسی بار میں مینیو اب صارفین کو ’موسٹ ریسینٹ‘ اور ’فیورئٹس‘ کے نام سے فیچرز بھی دکھائی دیں گے، جنہیں فیس بک نے 31 مارچ کو متعارف کرایا۔
’موسٹ ریسینٹس‘ فیچرز میں جانے کے بعد صارف کو ایک سیکنڈ پہلے کی پوسٹس بھی دکھائی دیں گی اور اس فیچرز میں تمام پوسٹس تازہ ہوں گی۔
اس فیچر میں صارف کو ہر اس پیجز یا دوست کی تازہ پوسٹس نظر آئیں گی، جو صارف کے کانیٹکٹ میں ہوں گی۔
مزید پڑھیں: فیس بک کی 15 ٹپس جو اکثر افراد کو معلوم نہیں
اسی طرح ’فیورئٹس‘ فیچر میں جانے کے بعد پہلی مرتبہ فیس بک صارف سے اپنی فیورٹس کی سیٹنگ کرنی پڑے گی اور اس فیچر کے ذریعے ہر صارف کو پیجز اور دوستوں میں سے 30 اکاؤنٹ کو شامل کرنے کا آپشن دیا گیا ہے۔
اس فیچر کی سیٹنگ کرنے کے بعد صارف کو اپنی نیوز فیڈ یعنی ہوم پیج پر فیورٹس اکاؤنٹ کی پوسٹس نمایاں طور پر دکھائی دیں گی۔
اسی طرح فیس بک نے ایک اور بہترین فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کے استعمال سے سوشل میڈیا پر تنقید سے بچا جا سکتا ہے تاہم مذکورہ فیچر فوری طور پر بڑی کمپنیز کے پیجز، مواد تیار کرنے والے اداروں، معروف شخصیات اور برانڈز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
مذکورہ فیچر کے تحت شخصیات، اداروں اور برانڈز کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ چاہیں تو اپنی پوسٹس پر کمنٹس کا سیکشن بند کردیں یا پھر محدود کردیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک میں بڑی تبدیلی متعارف ہونے کے لیے تیار
یعنی پوسٹ کرنے کے بعد انہیں کمنٹس کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی آپشن دیا گیا ہے اور نئے فیچر کے تحت فیس بک شخصیات، اداروں اور برانڈز سے پوچھے گا کہ وہ چاہیں تو اپنے خاص دوستوں یا پیجز کو ہی کمنٹس کرنے کی اجازت دیں، چاہیں تو کمنٹس کا سیکشن ہی بند کریں۔
ان فیچرز کے علاوہ بھی فیس بک نے حال ہی میں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں فیس بک پیمنٹ، میسینجر کڈز، آفرز، ریسینٹ ایکٹویٹی، فرینڈ لسٹس اور گیمنگ ویڈیوز جیسے سیکشن اور فیچرز بھی متعارف کرائے ہیں۔