کراچی: رحمٰن ڈکیت کا بیٹا منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار
کراچی میں پولیس نے لیاری گینگ وار کے رنگ لیڈر میں سے ایک مقتول رحمٰن ڈکیت کے بیٹے کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سرفراز نواز شیخ نے کہا کہ 'کلاکوٹ پولیس نے منشیات فروش سربان کو لیاری کے ولی محمد حسن علی روڈ کے قریب سے گرفتار کیا، جو بدنام زمانہ مجرم رحمٰن کا بیٹا ہے۔
پولیس نے ملزم سے ایک ہزار 520 کلوگرام چرس، 50 گرام آئس اور 60 گرام کرسٹل میتھ قبضے میں لینے کا بھی دعویٰ کیا۔
سرفراز نواز شیخ نے ڈان کو بتایا کہ ملزم شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث تھا، وہ عادی مجرم ہے جس پر قتل کا مقدمہ بھی درج ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس کا رحمٰن ڈکیت کے بھانجے کی گرفتاری کا دعویٰ
پولیس نے سربان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کے ساتھیوں کا معلوم کرنے کے لیے تفتیش شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ رحمٰن ڈکیت کے نام سے مشہور عبدالرحمٰن بلوچ کو کراچی پولیس نے 2009 میں اس کے تین ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا تھا۔
رحمٰن ڈکیت مبینہ طور پر 80 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا اور لیاری گینگ وار کے سرغنہ میں سے ایک تھا۔