پاکستان

سائینوفارم ویکسین کی مزید 5 لاکھ خوراکیں آگئی ہیں، معاون خصوصی

سائینوفارم کی مزید 5 لاکھ خوراکیں کل بھی پاکستان پہنچیں گی، ویکسی نیشن کی 8 لاکھ سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں، ڈاکٹر فیصل سلطان

وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا کی چینی ویکسین سائینوفارم کی مزید 5 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں جبکہ مزید 5 لاکھ خوراکیں کل پاکستان پہنچیں گی۔

نور خان ایئربیس اسلام آباد میں ویکسین وصول کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ 'انسداد کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی جس میں سائنوفارم کی 5 لاکھ خوراکیں شامل ہیں، سائینوفارم کی مزید 5 لاکھ خوراکیں کل بھی پاکستان پہنچیں گی، پاکستان میں ویکسی نیشن کا آغاز سائنوفارم سے کیا جبکہ ویکسی نیشن کی 8 لاکھ سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں'۔

معاون خصوصی نے کہا کہ 'ملک میں کورونا کی تیسری لہر تیز ہوگئی ہے، ماسک کے استعمال، سماجی فاصلے اور ہجوم سے اجتناب سمیت وائرس سے بچاؤ کی ایک اسٹریٹیجی ویکسی نیشن ہے، 30 مارچ سے ہم نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے بھی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے اور آہستہ آہستہ ان کا مرحلہ بھی آجائے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'ویکسی نیشن کے مرحلے کو تیز کر رہے ہیں اور اسے ایسے مرحلے تک لے کر جانا چاہتے ہیں جہاں پاکستانیو کی بڑی تعداد کو ویکسین لگ چکی ہو تاکہ بیماری کے پھیلاؤ میں اہم رکاوٹ پیدا کی جاسکے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں پھر سے اپنے چینی دوستوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے چند ماہ قبل ویکسین نیشن کے آغاز کو ممکن بنایا، وہ آج بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور لگاتار ویکسین کی فراہمی ممکن بنا رہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: 60 سال سے زائد عمر کے ڈھائی لاکھ افراد کو ویکسین لگادی گئی، معاون خصوصی

واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں ڈاکٹر سلطان نے بتایا تھا کہ ملک بھر میں ویکسین کے لیے 60 سال سے زائد عمر کے 8 لاکھ افراد کی رجسٹریشن ہوئی جن میں سے ڈھائی لاکھ افراد کو ویکسین پہلی خوراک دی جاچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ 4 لاکھ 90 ہزار، سندھ میں ایک لاکھ 38 ہزار، خیبرپختونخوا میں 94 ہزار، بلوچستان میں ساڑھے 4 ہزار، اسلام آباد میں 42 ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 20 ہزار اور گلگت بلتستان میں 11 ہزار لوگوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ اسد عمر نے کہا تھا کہ ‏پاکستان، چین کی کورونا ویکسین کین سینو بائیولوجکس وسیع پیمانے پر درآمد کرے گا جس کی 30 لاکھ خوراکیں مقامی سطح پر بنائی جائیں گی۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ 'اپریل کے وسط تک ہمیں وسیع پیمانے پر کین سینو ویکسین مل جائے گی جس سے ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں بنائی جائیں گی'۔

مزید پڑھیں: پاکستان وسیع پیمانے پر 'کین سینو' ویکسین درآمد کرکے 30 لاکھ خوراک تیار کرے گا، اسد عمر

ان کا کہنا تھا کہ 'وسیع پیمانے پر حاصل ہونے والی ویکسین کی خوراکیں پاکستان میں تیار کی جائیں گی، جس کے لیے خصوصی آلات خرید لیے ہیں اور عملے کو تربیت دی جارہی ہے'۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ شدو مد سے جاری ہے جبکہ وعدے کے مطابق اب تک بین الاقوامی اتحاد کی جانب سے ویکسین بھی نہیں مل سکی، جس پر وفاقی حکومت نے صوبوں کو ویکسین کی خریداری کا مشورہ دیا ہے۔

اسد عمر سے حماد اظہر تک: غلطی در غلطی

'چاند کا ٹکڑا' لانے کی بھارتی ڈرامے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کے مزاحیہ تبصرے

اسمارٹ، مائیکرو کچھ نہیں ہوتا، صرف لاک ڈاؤن ہوتا ہے یا نہیں ہوتا، مراد علی شاہ