پاکستان

سول ایوی ایشن نے سفری پابندیوں میں 5 اپریل تک توسیع کردی

یہ پابندیاں 23 مارچ 2021 سے نافذ العمل ہوں گی، اندرون و بیرون ملک سے آنے والی تمام ایئر کمپنیوں کو آگاہ کردیا گیا۔

راولپنڈی: کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چارٹرڈ اور نجی فلائٹس کے ساتھ ساتھ پاکستان آنے والی پروازوں اور اندرون ملک مسافروں کے لیے سفری پابندیوں میں 5 اپریل تک توسیع کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پابندیاں 23 مارچ 2021 سے نافذ العمل ہوں گی اور ان میں 5 اپریل 2021 تک توسیع کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے مزید 4 ہزار 757 افراد متاثر، فعال کیسز 50 ہزار سے تجاوز کر گئے

سول ایوی ایشن کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 20 مارچ 2021 کو دی گئی ممالک کی درجہ بندی کی فہرست بھی اسی لحاظ سے مؤثر ہو گی۔

اتھارٹی نے مقامی مسافروں، چارٹرڈ اور نجی طیاروں کی پروازوں کے لیے ایس او پیز کے نفاذ کے حوالے سے ایک اور نوٹیفکیشن جاری کیا، سی اے اے نے 20 مارچ 2021 کو جنوبی افریقہ اور برازیل میں وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ممالک کی اے، بی اور سی کیٹیگری کی تازہ فہرست جاری کی تھی اور کیٹیگری سی کے مسافروں پر مکمل سفری پابندی عائد کردی تھی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سفری پابندیاں اور 12 ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی 5 اپریل 2021 تک لاگو ہوں گی، این سی او سی کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ کیٹیگری سی کے ممالک سے پاکستان سفر پر مکمل پابندی ہو گی اور اس کے تحت پاکستانی پاسپورٹ کے حامل، این آئی سی او پی صارفین اور پی او سی کے حامل افراد کو دیا گیا استثنیٰ واپس لے لیا گیا ہے، یہ عارضی اقدامات پاکستان میں کووڈ-19 وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔

ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ سول ایوی ایشن نے پاکستان آنے والی مسافروں کی کیٹیگری سی کی تجدید کی ہے اور برطانیہ کو کیٹیگری سی سے کیٹیگری بی میں منتقل کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 60 سال سے زائد عمر کے ڈھائی لاکھ افراد کو ویکسین لگادی گئی، معاون خصوصی

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 29 جنوری 2021 کو کیٹیگری سی ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں پر عائد کی گئی پابندیاں 5 اپریل 2021 تک مؤثر رہیں گی۔

مزید برآں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چھاپہ مارا گیا اور منگل کو ایس او پیز کو نظرانداز کرنے پر 23 افراد پر جرمانے عائد کیے گئے، ڈی جی سول ایوی ایشن کی ہدایت پر ائیرپورٹ مینجمنٹ چھاپے مار رہی ہے تاکہ اس بات کی نگرانی کی جاسکے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جارہا ہے یا نہیں۔

ائیرپورٹ سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل عامر محبوب نے تمام ہوائی اڈوں کے منتظمین کے ساتھ ویڈیو لنک پر اجلاس کیا اور انہیں ہدایت کی کہ کووڈ-19 ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، سول ایوی ایشن ملازمین سمیت ہوائی اڈے پر کام کرنے والی مختلف ایجنسیوں کو بھی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اپنانی چاہئیں۔

عامر محبوب نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے جو ماسک نہیں پہنتے یا سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان وسیع پیمانے پر 'کین سینو' ویکسین درآمد کرکے 30 لاکھ خوراک تیار کرے گا، اسد عمر

ایئرپورٹ منیجر عدنان خان سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ڈان کو بتایا کہ انہوں نے منگل کے روز اچانک چیکنگ کی اور 23 افراد پر جرمانہ عائد کیا، ان میں سے کوئی بھی مسافر نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے کی انتظامیہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کر رہی ہے۔

’جہانگیر بھائی! مجھے بھی اپنے جھاج کی سیر کراؤ نا‘

پاکستانی شوبز انڈسٹری 'بہت منافق ہے‘، یاسر حسین

وسیم خان کی مدت ملازمت میں توسیع احسان مانی کے مستقبل سے مشروط