پاکستان

کراچی کو موسم گرما میں اضافی 450 میگا واٹ بجلی ملے گی، عمر ایوب

جامشورو اور کراچی کے ڈی اے سکیم 33 کے مابین 130 کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن کو اپ گریڈ کرلیا، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر برائے بجلی، پیٹرولیم اور قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ کراچی کو رواں موسم گرما میں اضافی 450 میگا واٹ بجلی ملے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے جامشورو اور کراچی میں کے ڈی اے سکیم 33 کے مابین 130 کلومیٹر لمبی 220 کلو واٹ ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کو اپ گریڈ کرنے کا کام مکمل کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں: آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے منصوبے پر سخت تنقید

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر برائے بجلی، پیٹرولیم اور قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے 'کامیابی' کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے 'آنے والے موسم گرما میں کراچی کے لیے خوشخبری' قرار دیا اور کہا کہ اس کا سہرا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی پیشرفت سے موسم گرما میں کراچی والوں کو مجموعی طور پر 11 سو میگاواٹ بجلی مہیا ہوسکے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کراچی الیکٹرک کے لیے قومی گرڈ سے موسم گرما میں ونڈ جنریشن سے 150 میگاواٹ کے علاوہ 500 کے وی اور 220 کے وی نیٹ ورک سے زیادہ سے زیادہ 11 سو میگا واٹ بجلی کی فراہمی دستیاب ہوگی جو کراچی شہر کے لیے بجلی کی فراہمی کی صورتحال میں نمایاں طور پر بہتری لائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سنگ میل کو بروقت انجام دینے میں این ٹی ڈی سی اور کے ای ٹیموں کی مربوط کوششوں کو بے حد سراہا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ‘آج پاکستان میں دنیا کی مہنگی ترین بجلی مل رہی ہے’

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے رواں ماہ کے اوائل میں کے الیکٹرک، این ٹی ڈی سی اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے مابین قومی گرڈ سے کراچی کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کے لیے سہ فریقی بجلی خریداری کے معاہدے (ٹی پی پی اے) کی منظوری دی تھی۔

ٹی پی پی اے کے تحت، تیناگا، زفیر اور ہائیڈرو چائنا داؤد کے ونڈ پاور پلانٹس سے ہر ایک میں 50 میگاواٹ بجلی کی پیداوار نیشنل گرڈ کے ذریعے کے ای کو فراہم کی جائے گی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کراچی کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کے نرخوں میں 2 برس میں فی یونٹ 5.36 روپے کا اضافہ متوقع

دوسری جانب ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایندھن کی فراہمی کے انتظامات اور انڈسٹریل کیٹیو سے اضافی بجلی کی طلب کے سبب گرمیوں میں کراچی کو درکار بجلی کا بحران حل نہیں ہوسکے گا۔

امریکا میں شراب خانے کے باہر فائرنگ، 7 افراد زخمی

کراچی کی مقامی عدالت کا بھی عورت مارچ کے منتظمین کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم

بنگلہ دیش: نریندر مودی کے دورے کےخلاف احتجاج کے باعث 'فیس بک' کی بندش