دنیا

شہزادہ ہیری نے امریکی ادارے میں ملازمت اختیار کرلی

برطانوی شاہی خاندان کے اہم فرد پہلی بار کسی پرائیویٹ ادارے میں ملازمت کریں گے، اس سے قبل انہیں شاہی مراعات ملتی رہیں تھیں۔

مارچ 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے والے برطانوی شہزادہ ہیری نے اخراجات چلانے کے لیے ذہنی صحت کے لیے کام کرنے والے امریکی ادارے میں ملازمت اختیار کرلی۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے گزشتہ برس شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کرکے ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا میں رہائش اختیار کی تھی۔

شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد شاہی خاندان نے ان کی مالی معاونت ختم کردی تھی اور انہوں نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ اور میوزک ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ سے بھی معاہدے کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شاہی حیثیت سے باضابطہ علیحدگی

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ اب جہاں ’نیٹ فلیکس‘ کے لیے فلمیں بنائیں گے، وہیں وہ ’اسپاٹی فائے‘ کے لیے پوڈکاسٹ شو بھی کریں گے۔

اور اب شہزادہ ہیری امریکی ملٹی نیشنل ادارے ’بیٹر اپ‘ میں کل وقتی ملازمت بھی کریں گے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق شہزادہ ہیری نے ذہنی صحت کے حوالے سے کام کرنے والے امریکی ملٹی نیشنل ادارے میں چیف امپیکٹ افسر (سی آئی او) کی ملازمت اختیار کرلی۔

ملازمت کی ذمہ داریوں کے تحت شہزادہ ہیری کو ادارے کے لیے ذہنی مسائل سے دوچار افراد کے لیے منصوبہ بندی تیار کرنی ہوگی۔

شہزادہ ہیری کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار ہونے کے ناطے مختلف ممالک کا دورہ بھی کریں گے اور وہاں پر ذہنی صحت کے حوالے سے مہمات میں حصہ لیں گے۔

مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نیٹ فلیکس کیلئے فلمیں بنائیں گے

مذکورہ تنظیم تشدد، دہشت گردی کے کسی واقعے سے متاثر، بیماریوں یا سماجی فرسودہ روایات سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ذہنی مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کو معاونت فراہم کرتی ہے۔

مذکورہ تنظیم براعظم افریقہ میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی ذہنی صحت سمیت دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والے فوجی اہلکاروں کی ذہنی صحت کی بحالی پر بھی کام کرتی ہے۔

اگرچہ کمپنی نے شہزادہ ہیری کی تنخواہ سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی اور نہ ہی خود شہزادہ ہیری نے اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی ہے۔

تاہم برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری کو 7 اعداد میں تنخواہ ادا کی جائے گی تاہم اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ہیری و میگھن مارکل 'اسپاٹی فائے' کیلئے پروگرام کریں گے

’دی سن‘ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ممکنہ طور پر شہزادہ ہیری کو 7 اعداد پر مشتمل رقم تنخواہ ادا کی جائے گی، جس کا مطلب ہے کہ انہیں 10 لاکھ امریکی ڈالر تک ماہانہ تنخواہ ملے گی۔

اگر شہزادہ ہیری کو 10 لاکھ امریکی ڈالر تنخواہ ملتی ہے تو انہیں ماہانہ پاکستانی 15 کروڑ روپے سے زائد تنخواہ ملے گی، تاہم اگر انہیں 7 لاکھ امریکی ڈالر بھی ملتے ہیں تو انہیں پاکستانی 10 کروڑ روپے سے زائد کی تنخواہ ملے گی۔

سشانت سنگھ سے شادی اور محبت کے چکر میں خود کو برباد کیا، انکتا لوکھنڈے

’شہروز، سائرہ اور صدف نے طلاق و شادی کے معاملات اچھی طرح نمٹائے‘

’عورت کارڈ‘ کیا ہے اور عورتیں اسے کب استعمال کرتی ہیں؟