پاکستان

دوران پرواز روتے بچے کو سلانے والے توحید داؤد پوتا کیلئے ایوارڈ

پی آئی اے کے چیف فلائٹ اٹینڈنٹ نے گزشتہ ہفتے دوران پرواز روتے ہوئے کمسن بچے کو سلایا تھا۔

رواں ماہ 12 مارچ کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جانے والی پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز میں روتے بچے کو سلانے والے عہدیدار کو ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

ایوارڈ حاصل کرنے والے پی آئی اے کے چیف فلائٹ اٹینڈنٹ توحید داؤد پوتا نے بچے کو گود میں لے کر سلایا تھا۔

مذکورہ واقعہ رواں ماہ 11 مارچ کو کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی کے 302 میں پیش آیا تھا۔

چیف فلائٹ اٹینڈنٹ توحید داؤد پوتا نے روتے ہوئے بچے کو اس وقت گود میں لے کر سلایا تھا جب تمام خواتین میزبانوں کی کوششیں ناکام ہوگئی تھیں۔

توحید داؤد پوتا نے سفر کرنے والی تنہا ماں کے دو بچوں میں سے ایک بچے کو گود میں لے کر سلایا اور اس دوران طیارے میں موجود افراد نے ان کی تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جو کافی وائرل ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: دورانِ پرواز بچے کو چُپ کرانے والے پی آئی اے کے چیف فلائٹ اٹینڈنٹ کے چرچے

روتے بچے کو سلانے پر توحید داؤد پوتا کی تعریفیں بھی کی گئی تھیں جب کہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے رویے کو سراہا گیا تھا۔

اور اب اقوام متحدہ (یو این) کے خواتین سے متعلق پاکستانی ادارے یو این ویمن پاکستان نے انہیں ایوارڈ سے نواز دیا۔

پی آئی اے کی جانب سے 22 مارچ کو شیئر کی گئی ویڈیو میں توحید داؤد پوتا کو ایوارڈ وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پی آئی اے نے بتایا کہ توحید داؤد پوتا کو دوران پرواز روتے بچے کو سلانے پر یو این ویمن کی جانب سے ’ہی فار شی‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یو این ویمن کی جانب سے توحید داؤد پوتا کو صنف کی حساسیت کو سمجھنے، خواتین کی مدد کرنے، ان کے ساتھ ہمدری کا اظہار کرنے، عزت دینے اور خواتین کی نگہداشت کرنے پر مذکورہ ایوارڈ دیا گیا۔

توحید داؤد پوتا کو یو این ویمن پاکستان کی اعلیٰ عہدیدار نے ایوارڈ سے نوازا اور تقریب میں اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم سمیت پی آئی اے کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

ملک بھر میں یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

پینٹاگون کے سربراہ کی افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف

مجھے پلاسٹک کہنا بند کریں، متھیرا کا تنقید کرنے والوں کو جواب