دنیا

سعودی عرب میں خواتین کے لیے علیحدہ ساحل بنانے کی تیاریاں

خواتین کے اس علیحدہ ساحل پر سبزہ زاروں کے علاوہ، ریسٹورنٹس، قہوہ خانے، سپر مارکیٹس اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔

سعودی عرب میں خواتین کے لیے علیحدہ ساحل بنانے کی تیاریاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ساحل کا ڈیزائن بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں خواتین کے لیے علیحدہ ساحل الجبیل انڈسٹریل سٹی کی جانب سے تیار کیا جائے گا۔

اس حوالے سے الجبیل انڈسٹریل سٹی کی بلدیاتی کونسل نے کہا کہ الجبیل میں خواتین کے لیے پہلا علیحدہ ساحل کورنیش سی فرنٹ کے شمال میں بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں : سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کے گالف ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا اعلان

رپورٹ میں سیدتی میگزین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بلدیاتی کونسل کے چیئرمین نایف الدویش نے بتایا کہ اس ضمن میں خواتین کے لیے پہلے علیحدہ ساحل کا ڈیزائن تیار ہوچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لیے تیار کیے جانے والے اس حاصل پر نوے روز کے اندر کام شروع کیا جائے گا۔

نایف الدویش نے کہا کہ تیار کیا جانے والا یہ ساحل، علاقے کے سیاحتی منصوبوں میں سے ایک ہوگا اور بلدیاتی کونسل نے اس حوالے سے 5 سالہ منصوبہ تیار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے پہلا علیحدہ ساحل سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: خواتین کی ڈرائیونگ کے لیے مہم چلانے والی گرفتار کارکن رہا

نایف الدویش نے کہا کہ اس ساحل کا مقصد بلدیاتی کونسل کی سرمایہ کاری میں اضافہ اور معیارِ زندگی بلند کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خواتین کے اس علیحدہ ساحل پر سبزہ زاروں کے علاوہ، ریسٹورنٹس، قہوہ خانے، سپر مارکیٹس اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔

نایف الدویش نے کہا کہ اس علیحدہ ساحل پر پرائیویسی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں خواتین کو مسلح افواج میں بھرتی کی اجازت مل گئی

بلدیاتی کونسل کے چیئرمین نے بتایا کہ یہ ساحل الجبیل شہر کی آبادی سے قریب ہوگا اور الجبیل انڈسٹریل سٹی کے باشندے آسانی سے ساحل کی سیر کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ چند سالوں کے دوران خواتین کو معاشرے کے ان کئی اہم امور کا حصہ بننے کی اجازت دی جاچکی ہے جس کی پہلے انہیں اجازت نہیں تھی۔

خواتین کے لیے مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کی راہیں بھی ہموار کی گئی ہیں جبکہ انہیں کسی مرد سرپرست کے بغیر بیرون سفر کی اجازت بھی دی جاچکی ہے۔

اداکارہ سوہائے علی ابڑو نے کرکٹر شہزار محمد سے شادی کرلی

کبریٰ خان نے عمران خان اور حمزہ علی عباسی کو ان فالو کیوں کیا؟

میکال ذوالفقار نے دوسری شادی پر خاموشی توڑ دی