پاکستان

کوئٹہ میں 3 کم سن بہن بھائیوں کا قتل

جب نامعلوم افراد نے بچوں کو قتل کیا اس وقت ان کے والدین گھر میں موجود نہیں تھے، ملازمہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس

کوئٹہ شہر کے مضافات میں نیو سریاب کے علاقے میں 3 سے 5 سال کے عمر کے 3 بہن بھائیوں کو ان کے گھر میں گلا کاٹ کر کے قتل کردیا گیا جبکہ چوتھا بچہ زخمی پایا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جب نامعلوم افراد نے بچوں کے گلے کاٹے تو اس وقت ان کے والدین گھر میں موجود نہیں تھے۔

اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس علاقے میں پہنچ گئی جہاں اسے 3 بچوں کی لاشیں ملیں جبکہ ایک زخمی بچی ملی جس کا گلا کاٹا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب: ’شور مچانے پر‘ ماموں نے 20 دن کے بھانجے کو قتل کردیا

بعدازاں لاشوں اور زخمی بچی کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔

سریاب تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) عبدالحئی بلوچ نے کہا کہ جب پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوئے تو انہیں ایک کمرے میں تین بچوں کی لاشیں ملیں جبکہ دوسرے کمرے میں زخمی بچی موجود تھی جس کے گلے پر زخم تھا۔

بچی کی شناخت کشمالہ بی بی کے نام سے ہوئی جس کی عمر 7 سال ہے اور اس کی بھی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق بچوں کے والد ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ آف بلوچستان کے ایک سرکاری ملازم ہیں اور ایک موٹر سائیکل شوروم بھی چلاتے ہیں جبکہ بچوں کی والدہ کا شہر میں بیوٹی پارلر ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور: کم سن بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا سگا بھائی گرفتار

بچوں کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ اس خاندان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔

پولیس نے مقتول بچوں کی شناخت 5 سالہ حسین اللہ، 3 سالہ زین اللہ اور 4 سالہ اقصیٰ کے نام سے کی۔

علاوہ ازیں پولیس نے اس لرزہ خیز واردات کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔


یہ خبر 16 مارچ 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔