لائف اسٹائل

'سوشل میڈیا پر یہ میری آخری پوسٹ ہے'

عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہنے سے متعلق اپنی پوسٹ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر شیئر کی۔

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی 56 ویں سالگرہ کے ایک روز بعد سوشل میڈیا کو خیرباد کہہ دیا۔

عامر خان نے گزشتہ روز اپنی 56ویں سالگرہ منائی تھی اور آج کی جانے والی پوسٹ میں انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ اعلان بھی کیا۔

بولی وڈ اداکار نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہنے سے متعلق اپنی پوسٹ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی۔

مزید پڑھیں: عامر خان کے بیٹے جنید خان نے اداکاری شروع کردی

عامر خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'میری سالگرہ پر اتنی محبت اور گرمجوشی کا اظہار کرنے پر آپ سب کا شکریہ'۔

مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا کہ دوسری خبر یہ ہے کہ 'یہ سوشل میڈیا پر آخری پوسٹ ہے'۔

انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ فعال رہتا ہوں بہرحال میں نے دکھاوا چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عامر خان نے مزید کہا کہ ہم رابطہ رکھیں جیسے ہم پہلے رکھتے تھے۔

تاہم انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ وہ ان کے پروڈکشن ہاؤس، عامر خان پروڈکشنز کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کو فالو کرسکتے ہیں۔

عامر خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عامر خان پروڈکشن نے اپنا آفیشل چینل بنالیا ہے لہذا میری اور میری فلموں سے متعلق مستقبل کی اپ ڈیٹس یہاں مل سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترک خاتون اول سے ملاقات پر عامر خان ’غدار وطن‘ قرار

انہوں نے بتایا کہ عامر خان پروڈکشن کا آفیشل ٹوئٹر ہینڈل AKPPL_Official@ ہے۔

خیال رہے کہ عامر خان کے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر ویریفائیڈ اکاؤنٹس موجود ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد بھی کافی زیادہ ہے۔

ٹوئٹر پر عامر خان کے فالوورز کی تعداد 2 کروڑ 67 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر 36 لاکھ فالوورز ہیں۔

عامر خان کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ کو 5 گھنٹے میں ٹوئٹر پر 18 ہزار سے زائد مرتبہ لائیک جبکہ ایک ہزار 502 مرتبہ ری ٹوئٹ کیا گیا۔

انسٹاگرام پر عامر خان کی آخری پوسٹ کو اب تک ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد مرتبہ لائیک کیا جاچکا ہے۔

اداکار عوامی شخصیت ہوتے ہیں، ملکیت نہیں، مایا علی

ثمینہ پیرزادہ پاکستان میں کورونا ویکسین لگوانے والی پہلی اداکارہ

ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے سیاستدان فیصل سبزواری سے شادی کیوں کی؟