اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان، 100 انڈیکس میں 979 پوائنٹس کا اضافہ
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز 'کے ایس ای 100 انڈیکس' میں مزید 979 پوائنٹس (2.23 فیصد) کا اضافہ ہوا۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس کی سطح 44 ہزار 767 پوائنٹس رہی۔
پیر کے روز انڈیکس کی کم ترین سطح 43 ہزار 788 اور بلند ترین سطح 44 ہزار 839 پوائنٹس رہی۔
سب سے زیادہ تیزی سیمنٹ کے شعبے میں دیکھنے میں آئی جس نے انڈیکس میں 133 پوائنٹس کا اضافہ کیا، جس کے بعد ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبے نے 117 کا اضافہ کیا۔
جن کمپنیوں کی حصص کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ان میں ٹی آر جی، لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، حبکو اور سسٹمز لمیٹڈ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: سیاسی غیر یقینی، نئے ٹیکسز کا خوف: حصص بازار میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سیاسی غیر یقینی اور نئے ٹیکسز کے خوف کے باعث حصص بازار میں 3 ہزار پوائنٹس سے زائد کی کمی دیکھی گئی اور انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے بھی نیچے آگیا تھا۔
اس سے قبل 27 مارچ 2020 کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں اتنی مندی دیکھی گئی تھی، جب ایک ہفتے میں 2 ہزار 558 پوائنٹس گر گئے تھے۔
تاہم جمعہ کے روز مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس میں ایک ہزار پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ ہوا تھا۔