جینییفر لوپیز اور ایلکس روڈرگیوز نے منگنی توڑنے کی خبروں کو مسترد کردیا
گلوکارہ، اداکارہ، ڈانسر و فلم ساز 51 سالہ جینییفر لوپیز اور سابق بیس بال کھلاڑی و کاروباری شخص 45 سالہ ایلکس روڈرگیوز نے منگنی ختم ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں غلط قرار دیا ہے۔
گزشتہ روز نامعلوم ذرائع کے حوالے سے متعدد رپورٹس گردش کررہی تھیں کہ جینییفر لوپیز نے چوتھی بار شادی کے بندھن میں بندھنے سے قبل ہی 2 سال تک منگنی کے رشتے میں رہنے کے بعد اسے ختم کردیا۔
جینیفر لوپیز اور ایلکس روڈرگیوز کے نمائندوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس 'اے پی' کو ارسال کردہ ای میل میں کہا کہ 'تمام رپورٹس غلط ہیں۔
مزید پڑھیں: جینیفر لوپیز نے منگنی ختم کردی
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ 'ہم کچھ معاملات پر غور کررہے ہیں' ۔
خیال رہے کہ نیویارک پوسٹ کے پیج سِکس نے سب سے پہلے رپورٹ کیا تھا کہ دونوں نے منگنی ختم کردی ہے۔
دونوں کی جوڑی کو 3 برس قبل وینیٹی فیئر میگزین کے سرورق پر ایک ساتھ نظر آنے کے بعد 'جے-روڈ' کا نام دیا گیا۔
نامعلوم ذرائع نے پیپل میگزین کو بتایا کہ دونوں نے باضابطہ طور پر بریک اپ نہیں کیا لیکن اس حوالے سے بات کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جنیفر لوپز چوتھی شادی کے لیے تیار
رپورٹس میں واضح طور پر دونوں کے رشتے ختم ہونے سے متعلق کوئی سبب بیان نہیں کیا گیا تھا تاہم اطلاعات کے مطابق روڈرگیوز کے تعلقات کسی دوسری خاتون سے استوار ہونے کی خبروں کی وجہ سے دونوں کے تعلقات خراب ہوئے۔
جینیفر لوپیز نے مارچ 2019 میں سابق بیس بال کھلاڑی و کاروباری شخص 45 سالہ روڈرگیوز سے منگنی کی تھی اور دونوں کے درمیان 2017 سے تعلقات تھے۔
دونوں کا 2020 میں شادی کرنے کا ارادہ بھی تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث ان کی شادی منسوخ ہوگئی تھی اور اس حوالے سے خود جینیفر لوپیز نے بھی بتایا تھا کہ وبا کے باعث ان کی شادی نہیں ہو سکی۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ جوڑا 2021 کے وسط تک شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا اور جینیفر لوپیز چوتھی بار دلہن جب کہ روڈرگیوز دوسری بار دلہا بنیں گے مگر ایسا نہ ہوسکا۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کی وجہ سے جینیفر لوپیز کی چوتھی شادی میں تاخیر
اور منگنی ختم ہونے کی خبر سے قبل دونوں نے 28 فروری کو ہی ایک ساتھ رومانوی تصویر شیئر کی تھی اور دونوں کو کیریبین ملک جمہوریہ ڈومینیکن میں دیکھا گیا تھا۔
خیال رہے کہ روڈرگیوز سے تعلقات سے قبل جینیفر لوپیز کے تعلقات متعدد شوبز شخصیات اور کاروباری افراد سے بھی رہے ہیں اور وہ تین شادیاں بھی کر چکی ہیں۔
جینیفر لوپیز کو پہلی شادیوں سے 2 بچے بھی ہیں اور ان کی سب سے بڑی بیٹی کی عمر 15 سال ہے جب کہ روڈرگیوز کو بھی پہلی شادی سے دو بچے ہیں۔
جینیفر لوپیز نے پہلی شادی کیوبا کے اداکار اوجانی لووا سے 1997 میں کی اور ایک سال کے اندر ہی ان کے درمیان طلاق ہوگئی۔
لوپیز نے دوسری شادی امریکی اداکار کرس جڈ سے 2001 میں کی اور ان کے درمیان 2003 میں طلاق ہوگئی۔
اداکارہ نے تیسری شادی امریکی گلوکار مارک اینتھونی سے 2004 میں کی اور ان کی یہ شادی پہلی دونوں شادیوں کے مقابلے زیادہ کامیاب رہی۔
جینیفر لوپیز کی تیسری شادی ایک دہائی تک چلی اور ان کے اور مارک اینتھونی کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی۔