لائف اسٹائل

محبت، شادیوں اور خاندانی مسائل پر بنا ڈراما ’سفر تمام ہوا‘

راحت جبیں کے ناول سے ماخوذ کہانی پر مبنی ڈرامے میں مدیحہ امام، علی رحمٰن اور سید جبران سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

اگرچہ ڈرامے کے شائقین پہلے بھی متعدد ایسے ڈرامے دیکھ چکے ہیں، جن میں محبت، شادیوں اور خاندانی مسائل کو دکھایا جا چکا ہے، تاہم جلد ہی شائقین اسی موضوع پر بنے منفرد ڈرامے کو دیکھ سکیں گے۔

جی ہاں، شائقین جلد ہی ’ہم ٹی وی‘ پر راحت جبیں کے ناول سے ماخوذ ’سفر تمام ہوا‘ کو دیکھ سکیں گے، جس میں مدیحہ امام، علی رحمٰن اور سید جبران سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’سفر تمام ہوا‘ سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈرامے کی مرکزی اداکارہ مدیحہ امام نے ’ڈان امیجز‘ کو بتایا کہ اگرچہ مذکورہ ڈراما خاندانی مسائل کی کہانی پر مبنی ہے، تاہم یہ ڈراما اسی موضوع پر بنے پہلے ڈراموں سے مختلف ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ’سفر تمام ہوا‘ میں ساس و بہو کے جھگڑے سمیت بیوی اور شوہر کے درمیان تلخیاں نہیں دکھائی جائیں گی اور نہ ہی ان کے جھگڑوں کو دکھایا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’سفر تمام ہوا‘ کی کہانی خاندانی مسائل پر بنے ماضی کے ڈراموں سے مختلف ہے اور ڈرامے کی کہانی شائقین کو پسند آئے گی۔

مدیحہ امام نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ ڈرامے میں ’انوشے‘ نامی لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جو بچپن میں کچھ مسائل کا شکار ہوجاتی ہے اور ان مسائل کا اثر ان کی پوری زندگی پر رہتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ ڈرامے میں کسی ’ابنارمل‘ لڑکی کا کردار ادا نہیں کر رہیں مگر ان کا کردار مختلف ضرور ہے۔

مدیحہ امام نے ڈرامے کی کہانی سے متعلق مزید معلومات دینے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ ’سفر تمام ہوا‘ کی کہانی خاندانی مسائل پر بنے ماضی کے ڈراموں سے مختلف ہے۔

’سفر تمام ہوا‘ کی کہانی راحت جبیں نے ہی لکھی ہے، جنہوں نے اسی نام سے ناول شائع کیا تھا اور اسے کافی پسند بھی کیا گیا تھا۔

مومنہ درید کی پروڈکشن میں بنائے گئے ڈرامے کی ہدایات شہر زاد شیخ نے دی ہیں اور اسے ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

ڈرامے کے جاری کیے گئے ٹیزر سے کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم انہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ’سفر تمام ہوا‘ کی کہانی دو خاندانوں کے درمیان رشتوں کے معاملات اور دو جوڑوں کی جانب سے شادی کیے جانے کے گرد گھومتی ہے۔

ٹیزرز سے کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تاہم ان سے عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو مصالحے سے بھرپور کہانی دیکھنے کو ملے گی۔

کووڈ ویکسینیشن کی سہولت کیلئے اقوام متحدہ کی اردو مہم کا آغاز

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں مسترد ووٹ کے معاملے پر نیا تنازع

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 6 ماہ میں 67 کروڑ ڈالر اکٹھے کیے گئے