لائف اسٹائل

کارڈی بی ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ‘ حاصل کرنے والی پہلی خاتون ریپر

بولڈ گانوں کی وجہ سے شہرت رکھنے والی کارڈی بی سے پہلے یہ اعزاز صرف مرد ریپرز کو حاصل تھا۔

امریکی ریپر کارڈی بی نے میوزک کی دنیا میں نیا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ سانگ‘ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ‘ دراصل امریکی میوزیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے دیا جانے والا سرٹیفکیٹ ہے، جسے پہلی بار 1999 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ‘ کا اعزاز ’ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن آف امریکا‘ (ریا) کی جانب سے ان گلوکاروں یا ریپرز کو دیا جاتا ہے، جن کے میوزک ایلبم یا کسی بھی گانے کی ایک کروڑ کاپیاں فروخت ہوتی ہیں۔

ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن آف امریکا مذکورہ سرٹیفکیٹ سمیت اسی طرح کے دیگر کئی سرٹیفکیٹس بھی گلوکاروں کو فراہم کرتی ہے۔

مذکورہ تنظیم گلوکاروں کو میوزک ایلبم یا گانے کی 10 اور 50 لاکھ کاپیاں فروخت ہونے پر بھی مختلف طرح کے سرٹیفکیٹس فراہم کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کارڈی بی نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

’ریا‘ نامی تنظیم کی جانب سے ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ‘ اس گلوکار کو دیا جاتا ہے جن کے کسی میوزک ایلبم یا پھر کسی ایک سنگل گانے کی ایک کروڑ کاپیاں فروخت ہوتی ہیں۔

پاپ گلوکارہ کارڈی بی کے 2017 میں ریلیز ہونے والے گانے ’بوڈاک ییلو‘ کی بھی محض تین سال سے کم دورانیے میں ایک کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں، جس بنا پر انہیں ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ آف سانگ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔

کارڈی بی نے انسٹاگرام پوسٹ میں تنظیم کی جانب سے اپنے گانے کو ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ‘ دیے جانے پر تنظیم اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ کس طرح ان کے خواب پورے ہوئے۔

کارڈی بی کا کہنا تھا کہ کچھ سال قبل تک انہیں ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ‘ کا علم نہیں تھا کہ وہ کیا ہوتا ہے مگر اس وقت بھی ان کی خواہش ہوتی تھی کہ انہیں مذکورہ اعزاز ملے اور اب ان کی خواہش پوری ہوگئی۔

’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ سانگ‘ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد کارڈی بی دنیا کی پہلی ریپر خاتون بن گئیں، جنہیں یہ اعزاز دیا گیا، ان سے قبل اگرچہ ’ڈریک‘ اور ’اینیمن‘ سمیت دیگر ریپر گلوکاروں کو بھی مذکورہ اعزاز مل چکا ہے مگر کسی بھی خاتون ریپر کو یہ اعزاز نہیں ملا تھا۔

مزید پڑھیں: کارڈی بی نے طلاق لینے کا فیصلہ واپس لے لیا

کارڈی بی کے گانے کو 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ‘ کا اعزاز دیا گیا۔

کارڈی بی سے قبل ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ سانگ‘ کا اعزاز دیگر گلوکاروں کے 44 گانوں کو دیا جا چکا ہے، جن میں کچھ ایلبمز بھی شامل ہیں۔

اگرچہ کارڈی بی مذکورہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ریپر بنیں تاہم ان سے قبل ہی لیڈی گاگا، کیٹی پیری اور ٹیلر سوئفٹ سمیت دیگر خاتون گلوکاراؤں کے گانوں کو بھی ’ڈائمنڈ سرٹیفکیٹ‘ کا اعزاز دیا جا چکا ہے۔

’پیارے پاکستانیو!‘ غلامانہ ذہنیت سے باہر نکلو، اشنیٰ شاہ کی اپیل

اقربا پروری ہر انڈسٹری میں موجود ہے، شہریار منور