سام سنگ کا 17 مارچ کو گلیکسی ایونٹ کے انعقاد کا اعلان
2021 کا ابھی تیسرا ہی مہینہ چل رہا ہے مگر سام سنگ نے رواں سال کے دوران دوسرے بڑے ایونٹ کے انعققاد کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 17 مارچ کو ایک گلیکسی ان پیک ایونٹ ہورہا ہے۔
کمپنی نے یہ تو نہیں بتایا کہ ایونٹ میں کیا متعارف کرایا جارہا ہے مگر امکان ہے کہ گلیکسی اے سیریز کے اسمارٹ فون پیش کیے جائیں گے۔
اس سے قبل جنوری کے وسط میں سام سنگ نے اپنے فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس 21، ایس 21 پلس اور ایس 21 الٹرا متعارف کرائے تھے۔
تینوں 5 جی فونز تھے اور ایس 21 کی قیمت 800 ڈالرز سے شروع ہوئی جو گزشتہ سال کے ایس 20 سے 200 ڈالرز کم تھی۔
مگر 800 ڈالرز بھی اتنے زیادہ ہیں کہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد اس فون کو خریدنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے اور ان کے لیے ہی اے سیریز کے فونز پیش کیے جارہے ہیں۔
سام سنگ کی جانب سے حالیہ عرصے میں گلیکسی اے سیریز کے فونز کو فلیگ شپ فیچرز کے ساتھ کم قیمتوں میں فراہم کیا جارہا ہے۔
گلیکسی اے فونز سے ہی سام سنگ کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران دنیا میں نمبرون فون کمپنی کا اعزاز اپنے پاس برقرار رکھنے میں مدد ملی تھی، حالانکہ فلیگ شپ گلیکسی ایس 20 سیریز کی فروخت زیادہ نہیں تھی۔
امکان ہے کہ 17 مارچ کے ایونٹ میں گلیکسی اے 52 اور اے 71 متعارف کرائے جاسکتے ہیں، یہ دونوں 4 جی اور 5 جی ورژنز میں پیش کیے جائیں گے۔
مگر مصدقہ طور پر کچھ کہنا مشکل ہے اور اس کے لیے ایونٹ کا ہی انتظار کرنا ہوگا۔