لائف اسٹائل

عالمی یومِ خواتین پر شوبز شخصیات کے پیغامات

ہر سال کی طرح اس برس بھی 8 مارچ کے دن دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

’یوم خواتین‘ منانے کا آغاز ایک صدی سے زائد عرصے سے قبل 1909 میں امریکا سے اس وقت شروع ہوا تھا جب خواتین نے پہلی بار فیکٹریوں میں ملازمت کے لیے اپنی تنخواہیں بڑھانے اور وقت کی میعاد مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس سے قبل خواتین کو ملازمتوں کے دوران کم اجرت دیے جانے سمیت ان سے زیادہ دیر تک کام کروایا جاتا تھا۔

خواتین اس تفریق کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئیں تھیں اور جلد ہی انہوں نے اپنے مطالبات تسلیم کروالیے تھے تاہم خواتین کی جانب سے حقوق کے لیے جدوجہد ختم ہونے کے بجائے بڑھتی چلی گئی اور آنے والے سالوں میں خواتین نے اپنے ساتھ ہونے والی دیگر ناانصافیوں پر بھی آواز اٹھانا شروع کی۔

جلد ہی امریکا سے لے کر یورپ اور پھر ایشیا اور افریقہ جیسے خطے میں خواتین کے مظاہرے ہونے لگے اور خواتین کی تنظیمیں اور دیگر ایکشن فورم تشکیل پانے لگے اور ان ہی پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے خواتین نے دنیا کو اپنی اہمیت و حیثیت سے آگاہ کیا۔

کئی سال کی محنت اور مظاہروں کے بعد 1977 میں اقوام متحدہ (یو این) نے 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا اور تب سے ہر سال اسی دن پر دنیا کے تقریبا تمام ممالک میں خواتین مختلف تقریبات، سیمینارز اور مظاہروں کا انعقاد کرتی ہیں۔

ہر سال کی طرح اس برس بھی 8 مارچ کے دن دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور شوبز شخصیات کی جانب سے بھی خواتین کے عالمی دن کی مبارکباد دی گئی ہے۔

اداکارہ ثروت گیلانی جنہیں کچھ عرصہ قبل فیمنزم سے متعلق ایک بیان پر تنقید کا سامنا ہوا انہوں نے خواتین کے عالمی دن پر پوسٹ شیئر کی۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں ثروت گیلانی نے کہا کہ بااختیار خواتین، خواتین کو بااختیار بناتی ہیں۔

ثروت گیلانی نے لکھا کہ تمام حیرت انگیز خواتین کو عالمی دن مبارک، دعا ہے کہ آپ کی بہادری اور ہمت ہمیشہ قائم رہے۔

اداکارہ منشا پاشا نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے فالوورز سے سوال پوچھا کہ 'بطور خاتون انہیں کیسے چیلنجز کا سامنا ہے؟'

منشا پاشا نے انسٹاگرام اسٹوریز میں 40 سے زائد جوابات پوسٹ کیے جو ہراسانی سے لے کر جبری مذہب تبدیلی پر مشتمل تھے۔

اداکارہ مائرہ خان نے ہولی وڈ اداکارہ تاراجی پی ہینسن کی ایک ویڈیو ری پوسٹ کی۔

اس ویڈیو میں سیاہ فام خواتین کے تجربات سے متعلق اینجلا بیست کی تقریر شامل ہے لیکن اس کا پیغام آفاقی ہے کہ 'خواتین کافی سے زیادہ ہیں'۔

اداکارہ منال خان نے اپنی بہن اور اداکارہ ایمن خان کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'ایسا کچھ نہیں ہے جو خواتین نہ کرسکیں'، خواتین کا دن مبارک۔

کرکٹر شعیب ملک نے تمام خواتین کو عالمی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ تمام خواتین کو خوشیاں، محبت اور کامیابی ملیں کیونکہ وہ ہر چیز کی مستحق ہیں۔

اداکارہ ژالے سرحدی نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تمام بااختیار خواتین کو خواتین کا دن مبارک، یہ آپ ہی ہیں جو طبقے، مسلک، رنگ اور عمر سے قطع نظر اس قدر لامحدود وقار اور عظمت سے زندگی کی گاڑی کا رخ بدلتی ہیں۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے ٹوئٹ کی کہ ان تمام خواتین کو عالمی دن مبارک جو آج مارچ کریں گی۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ میری دعا ہے کہ آپ کی آوازوں کو وسعت ملے، آپ کے مطالبات سنے جائیں اور پورے ہوں۔

خواتین کا عالمی دن: 'خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ہوگی'

خواتین کے عالمی دن پر آئی ایس پی آر کی خصوصی ویڈیو جاری

خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون ڈی پی او سے ملیے