دنیا

بھارت میں رخصتی پر زیادہ رونے سے دلہن کی موت

شادی کی رسومات کے بعد جب روزی ساہو کے گھر والے انہیں سسرال کے لیے رخصت کررہے تھے تو وہ روتے ہوئے بے ہوش کر گرپڑیں۔

بھارت کی ریاست اوڈیشا میں رخصتی کے وقت دلہن کی اچانک موت سے شادی کی خوشیاں، سوگ میں بدل گئیں۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں رخصتی کے وقت دلہن بے ساختہ روئی اور اس دوران دل کا دورہ پڑنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔

مذکورہ واقعہ بھارت کی ریاست اوڈیشا کے ضلع سون پور میں پیش آیا اور دلہن کی شناخت گپتسواری ساہو عرف روزی کے نام سے ہوئی۔

جلندا گاؤں سے تعلق رکھنے والی روزی ساہو ضلع بالاگیر میں تیتل گاؤں کے بسیکیسان نامی شخص سے ہوئی تھی۔

شادی کی رسومات کے بعد جب روزی ساہو کے گھر والے انہیں سسرال کے لیے رخصت کررہے تھے تو دلہن روتے ہوئے بے ہوش کر گرپڑی۔

دلہن کے اہلخانہ اور رشتے داروں نے منہ پر پانی چھڑک کر اور مختلف تدبیروں سے انہیں ہوش میں لانے کی کوشش کی لیکن وہ بے سدھ رہیں۔

جب اہلخانہ کی جانب سے دلہن کو ہوش میں لانے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں تو انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹر نے انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

بعدازاں پوسٹ مارٹم کے بعد دلہن کی لاش کو اہلخانہ کے حوالے کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے اہلخانہ نے بتایا کہ روزی بالکل ٹھیک اور صحتمند تھیں۔

ہسپتال لے جانے کے بعد ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ دلہن کی موت 'بہت زیادہ رونے' کے نتیجے میں دل کا دورہ (کارڈیک اریسٹ) پڑنے سے ہوئی۔

ڈاکٹرز نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد حتمی رپورٹس جاری کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں جلندا گاؤں کے ایک رہائشی نے میڈیا کو بتایا کہ دلہن بہت زیادہ دکھ اور غم میں مبتلا تھیں کیونکہ انہوں نے چند ماہ پہلے اپنے والد کو کھودیا تھا۔

رہائشی کے مطابق ان کی شادی کا انتظام روزی کے ماموں اور کچھ سوشل ورکرز کی جانب سے کیا گیا تھا۔