پاکستان

نیب نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کو اثاثوں کے ریکارڈ کے ساتھ 10 مارچ کو طلب کرلیا

مسلم لیگ (ن) کےرہنما اپنے اوراہل خانہ کے نام پرموجود تمام اثاثوں، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کےساتھ نیب دفتر میں پیش ہوں، سمن کا متن

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 10 مارچ کو ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کے لیے سمن جاری کردیئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سے ان کے اور ان کے اہل خانہ کے نام پر موجود تمام اثاثوں کی تفصیلات کے ریکارڈ کے ساتھ طلب کیا ہے۔

نیب کے جاری سمن کے مطابق کیپٹن (ر) محمد صفدر کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ مذکورہ اثاثوں کا ریکارڈ لے کر آئیں جن میں رائے ونڈ میں ایک فلور مل، موضع مال میں مریم نواز کے نام پر موجود 337 کنال زمین، موضع بادو میں مریم نواز کے نام پر موجود 62 کنال زمین، موضع اسیل میں مریم نواز کے نام پر موجود 14 کنال اراضی، موضع مال لاہور میں مریم نواز کے نام پر موجود 200 ایکٹر اراضی، صدر روڈ لاہور میں مریم نواز کے نام پر موجود 109 ایکٹر اراضی اور رائے ونڈ میں موجود 60 کنال اراضی شامل ہے۔

علاوہ ازیں نیب کی جانب سے جاری سمن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما سے ان کی اور ان کے اہل خانہ کے نام موجود تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں، جن میں زرعی اراضی، رہائشی، کمرشل، اور دیگر اثاثے شامل ہیں جبکہ ان سے ان کی بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر کارکنان اور پولیس میں تصادم

نیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو 10 مارچ کو تمام ریکارڈ کے ساتھ کھوکر نیاز بیگ دفتر میں پیش ہونا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 11 اگست کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو نیب میں انکوائری کے سلسلے میں طلب کیا گیا تھا اور اس موقع پر جب وہ دفتر پہنچیں تو نیب دفتر کے باہر پولیس اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان میں تصادم ہوا تھا۔

اس جھڑپ کے نتیجے میں سرکاری اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے اور پولیس نے بھی آنسو گیس کے شیل فائر کرنے کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پر پتھراؤ کیا، دونوں فریقین ایک دوسرے پر تصادم شروع کرنے کا الزام لگاتے رہے جبکہ پولیس نے درجنوں افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔

جس کے بعد پولیس نے ضلع کچہری کی عدالت میں 58 گرفتار کارکنان کو پیش کر کے ان کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

11 اگست کی رات کو چونگ پولیس نے نیب کی شکایت پر مریم نواز سمیت مسلم لیگ (ن) کے 300 کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس میں 187 افراد کو قانون نافذ کرنے والوں اور نیب عہدیداروں پر حملہ کرنے اور نیب کی عمارت کو نقصان پہنچانے پر مقدمے میں نامزد کیا گیا۔

نجی لیب کا ویکسین مہنگے داموں فروخت کرنے کا معاملہ

دوسری جانب ایک نجی لیبارٹری نے نیب میں اپنا جواب جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے روس سے کووڈ 19 کی ویکسین کی خریداری نہیں کی۔

یہ بھی پرھیں: نیب کا نجی لیب سے کورونا ویکسین خریدنے کا ریکارڈ طلب کرنے کا فیصلہ

نیب کو مزید بتایا گیا کہ اور نہ ہی ان کا ویکسین پر 100 ڈالر منافع کمانے کا کوئی منصوبہ ہے جیسا کہ شکایت میں کہا گیا ہے۔

یاد ہے کہ نیب کی جانب سے نجی لیبارٹری کے مالک کو طلب کیا گیا تھا جن کے خلاف ادارے کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ وہ روس سے حاصل کی گئی سستی ویکسین کو مہنگے داموں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

راوی ریور فرنٹ منصوبہ: لاہور ہائیکورٹ نے حکم امتناع کے باوجود اراضی کے حصول کا نوٹس لے لیا

ڈسکہ میں دوبارہ ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی کے اُمیدوار کا فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او کو معطل کردیا