پاکستان

وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

عمران خان شام 6 بجکر 45 منٹ پر خطاب کریں گے اور قوم کو موجودہ سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے، رپورٹ

ایوان بالا کے انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر اپ سیٹ شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے۔

دفتر وزیراعظم سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان شام 6 بجکر 45 منٹ پر قوم سے خطاب کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اپنے خطاب میں وزیراعظم کی جانب سے قوم کو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ساڑھے 7 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کا خطاب ایک ایسے وقت میں ہونے جارہا ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اکثریت ہونے کے باوجود سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست پر ایک اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

3 مارچ کو ایوان بالا کی 37 نشستوں میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہنے والی نشست اسلام آباد کی جنرل نشست تھی جس پر پاکستان تحریک انصاف و حکمران اتحاد کے اُمیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ تھے اور ان کے مدمقابل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تھے۔

حکمران جماعت کو یقین تھا کہ وہ قومی اسمبلی جو اس نشست کے لیے الیکٹورل کالج تھی وہاں اکثریت کی وجہ سے یہ نشست جیت لے گی تاہم نتائج اس کے برعکس آئے اور اپوزیشن امیدوار یوسف رضا گیلانی 169 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ حفیظ شیخ 164 ووٹ حاصل کرسکے اور 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

دلچسپ امر یہ رہا کہ اسلام آباد سے ہی خواتین کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما 174 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ اپوزیشن کی امیدوار کو شکست دیکھنا پڑی۔

اس اپ سیٹ شکست کے بعد جہاں حکومت کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا وہیں اپوزیشن نے اس پر فتح منائی اور وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔

جس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی و دیگر وزرا نے ایک پریس بریفنگ دی اور بتایا کہ وزیراعظم نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی سلسلے میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ہفتہ 6 مارچ کو دوپر سوا 12 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس میں وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

آل راؤنڈر عماد وسیم کے گھر ننھی پری کی آمد

وزیراعظم کا صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار بنانے کا اعلان

کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی