پاکستان

پی ٹی آئی کے 3 اراکین سندھ اسمبلی 'اغوا' کر لیے گئے، خرم شیر زمان کا دعویٰ

ان تینوں اراکین نے ساتھی ایم پی ایز کو بتایا تھا کہ ان پر بہت دباؤ ڈالا جارہا ہے اور انہیں دھمکایا جارہا ہے، پی ٹی آئی رہنما

رکن سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے پارٹی کے 3 اراکین صوبائی اسمبلی کو اغوا کیے جانے کا دعویٰ کردیا۔

انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ 'تینوں ارکان اسمبلی کل شام سے رابطے میں نہیں ہیں اور ان کے فون بند آرہے ہیں اور ان کے اہلخانہ پریشان ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ان تینوں اراکین کی موجودگی کے آخری مقامات چیک کیے گئے تو ایک کی لوکیشن خیابان شمشیر، ایک کی ڈیفنس فیز 5 اور ایک کی زمزمہ کے قریب پائی گئی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ان تینوں اراکین نے ساتھی ایم پی ایز کو بتایا تھا کہ ان پر بہت دباؤ ڈالا جارہا ہے اور انہیں دھمکایا جارہا ہے اور انہیں مختلف جماعتوں کی جانب سے پیشکش بھی کی گئیں جو انہوں نے مسترد کردی تھیں'۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ 'ہم جانتے ہیں کہ یہ سارا کھیل حکومت سندھ کی طرف سے کھیلا گیا ہے، رکن کریم بخش گبول کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے، ہمیں یقین ہے کہ ان سے یہ بیان زبردستی دلوایا گیا ہے، وہ بلوچ ہیں جو بہادر ہوتے ہیں اور کبھی اس طرح وفاداریاں نہیں بیچتے'۔

یہ بھی دیکھیں: پیپلز پارٹی پر مکمل پابندی لگا دینی چاہیے، خرم شیر زمان

انہوں نے کہا کہ 'سندھ حکومت یہ کھیل کھیلنا بند کرے، ہم اس قوم کے لیے انصاف کی آواز بنے ہیں، ہماری طاقت انصاف اور ایمانداری ہے جسے کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'سندھ میں چھانگا مانگا کی سیاست شروع ہوچکی ہے، اگر کسی رکن صوبائی کو قتل یا اغوا کر لیا جاتا ہے، اس کے اہلخانہ کو نقصان پہنچایا جاتا ہے یا اس کی وفاداری کو تبدیل کرالیا جاتا ہے تو اس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی، آصف علی زرداری، مراد علی شاہ اور حکومت سندھ ہوگی'۔

'پیسے دے کر ٹکٹ خریدنے والوں کو کبھی ووٹ نہیں دوں گا'

دوسری جانب پی ایس 100 کراچی سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے والی کریم بخش گبول کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے کہا کہ 'پی ٹی آئی کا رکن ہوں اور رہوں گا، لیکن سندھ کے اندر جو خراب صورتحال پیدا کی گئی اور اس سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، ایسے میں ہماری حکومت ڈھائی سالوں میں ڈلیور نہیں کر سکی'۔

انہوں نے کہا کہ 'سینیٹ انتخابات کے لیے ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے جن کے بارے میں سننے میں آیا کہ انہوں نے پیسے دے کر ٹکٹ خریدے، میں ایسے لوگوں کو کبھی ووٹ نہیں دوں گا جنہوں نے پیسوں سے ٹکٹ خریدا، میں جن سے مطمئن ہوں انہیں ووٹ دوں گا'۔

مزید پڑھیں: ناراض پی ٹی آئی رہنماؤں کا گورنر سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ

'ہمیں کون اور کیوں اغوا کرے گا؟'

خرم شیر زمان کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی کے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے ایک اور رکن صوبائی اسمبلی شہریار خان کی ویڈیو بھی سامنے آئی۔

ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ 'خرم شیر زمان نے کہا کہ ہمارے 3 اراکین سندھ اسمبلی اغوا ہوگئے ہیں، ہمیں کون اور کیوں اغوا کرے گا؟ ہم پارٹی سے مایوس اور ناراض ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے کئی بار اسلام آباد جاکر وزیر اعظم عمران خان سے کہا کہ سندھ کے لیے کچھ سوچیں اور ہمیں فنڈز دیں جہاں سے لاکھوں لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا ہے، لیکن ہماری بات کسی نے نہیں سنی'۔

شہریار خان نے کہا کہ 'سندھ کے لیے ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں اور یہ خود کہتے ہیں کہ سندھ ہمارا نہیں، سینیٹ انتخابات کے لیے گورنر ہاؤس میں ٹکٹیں بانٹی گئیں اور ہم سے مشورہ تک نہیں کیا گیا، ہم پارٹی سے ناراض ہیں اور ان امیدواروں کو ووٹ نہیں دیں گے'۔

لمبی عمر اور صحت مند زندگی کا راز جان لیں

پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ انوکھا 'شلوار چیلنج'

کراچی: اے ٹی سی عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت مسترد کردی