کھیل

پی ایس ایل 2021: برتری کی دوڑ میں آج کراچی کا لاہور سے مقابلہ ہوگا

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں شام 7 بجے مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیمیں 4،4 پوائنٹس حاصل کر چکی ہیں۔

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2021 میں پوائنٹس ٹیبل پر برتری کے لیے دوڑ کا آغاز ہوگیا ہے اور آج 4،4 پوائنٹس حاصل کرنے والی کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ آج شام 7 بجے شروع ہوگا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جہاں اب تک ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے والی کامیاب جبکہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑے اسکور ترتیب دینے والی ٹیمیں اپنے ہدف کے دفاع میں ناکام رہی ہیں۔

روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز رواں سیزن میں پہلی مرتبہ آمنے سامنے ہوں گے تاہم اب تک کھیلے گئے میچوں میں رن ریٹ کی بنیاد پر کنگز کا پلڑا بھاری ہے۔

دونوں ٹیمیں اب تک 3،3 میچ کھیل چکی ہیں اور 2 میچوں میں کامیابی کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کرکے ٹیبل پر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6: کراچی کنگز نے ہائی اسکورنگ میچ میں ملتان سلطانز کو ہرا دیا

کراچی کنگز نے گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی شان دار بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی حالانکہ سلطانز نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 195 رنز بنائے تھے۔

ملتان سلطانز نے اس سے قبل لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی اور اس طرح کنگز کو اس میچ میں ایک طرح کی برتری بھی حاصل ہے۔

لاہور قلندرز گزشتہ میچ میں 7 وکٹوں سے ناکام ضرور ہوئے ہیں لیکن ابتدائی دونوں میچوں میں شان دار کارکردگی دکھاتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے اور پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

قلندرز کی گزشتہ تین میچوں میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں کارکردگی متوازن رہی ہے تاہم ابتدائی دو میچوں میں بہترین باؤلنگ کرنے والے افغان کرکٹر راشد خان واپس جاچکے ہیں اور ان کی جگہ نیپال کے نوجوان اسپنر کو جگہ دی گئی ہے۔

لاہور قلندرز کے پاس تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں اور انہیں کارکردگی میں تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: سلطانز کی قلندرز کے خلاف دھواں دار بیٹنگ، سیزن میں پہلی کامیابی

دوسری جانب کراچی کنگز کی بیٹنگ نے اب تک ناممکن کو ممکن دکھایا اور گزشتہ میچ میں سلطانز کے خلاف بڑا ہدف عبور کرلیا تاہم اس سے قبل 24 فروری کو یونائیٹڈ کے سامنے ان کے باؤلرز 197 رنز کا دفاع نہیں کر پائے۔

کراچی کنگز نے ایونٹ کے ابتدائی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جہاں ان کے باؤلرز نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کیا تھا۔

اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے مقامی عہدیدار سمیت 3 افراد کا قتل، کارکنان کا احتجاج

پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز 22 ہزار سے کم

خیبرپختونخوا: سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کا پی ڈی ایم کی حمایت کا اعلان