پاکستان

سینیٹ ٹکٹ سے متعلق بیان: پی ٹی آئی نے لیاقت جتوئی کو نوٹس جاری کردیا

نوٹس میں لیاقت جتوئی سے ان کے متنازع بیان پر 7 روز میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔
|

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے کے حوالے سے بیان پر پارٹی رہنما لیاقت جتوئی کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔

نوٹس تحریک انصاف کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کے سربراہ سلمان آفتاب کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں لیاقت جتوئی سے ان کے متنازع بیان پر 7 روز میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے پارٹی قیادت کے خلاف گفتگو کی اور سنگین الزام تراشی کی، آپ کا طرزِ عمل جماعتی پالیسی اور آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات: الیکشن ٹریبونل میں پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ کارروائی کے لیے معاملہ سندھ کے مغربی ریجن کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کو بھجوایا جارہا ہے، قائمہ کمیٹی 7 روز میں معاملے پر کارروائی کرے گی۔

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پی ٹی آئی سندھ میں اختلافات سامنے آئے تھے۔

لیاقت جتوئی نے سیف اللہ ابڑو پر 35 کروڑ میں سینیٹ ٹکٹ خریدنے کا الزام لگایا تھا جس پر سیف اللہ ابڑو نے انہیں 2 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے سینیٹ انتخابات کیلئے پی ٹی آئی امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی

وزیر ا‏عظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے کہا تھا کہ لیاقت جتوئی اپنے دعوے کا ثبوت نہ دے سکے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل لیاقت جتوئی نے وزیر اعظم عمران خان کو ایک شکایتی خط بھی بھیجا تھا جس میں انہوں نے وزیراعظم کو پارٹی ہائی جیک کرنے سے متعلق اشارہ دیا تھا۔

شہزاد رائے نے جسمانی تشدد پر پابندی کے بِل کو بچوں کیلئے بہترین تحفہ قرار دے دیا

گوگل میپس میں ایک اور کارآمد فیچر کا اضافہ

سینیٹ انتخابات ریفرنس: خفیہ بیلٹ سے متعلق معاملات پارلیمنٹ طے کرے گی، چیف جسٹس