کھیل

پی ایس ایل 2021 میں پہلی کامیابی کیلئے سلطانز، زلمی مدمقابل

ملتان سلطانز اور پشاور زلمی اپنے پہلے میچ میں ناکامی سے دوچار ہوئیں اور پہلی جیت کے لیے آج ٹکرائیں گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں اپنے پہلے میچز میں ناکام رہنے والی دو ٹیمیں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا مقابلہ آج ہوگا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے پہلے مرحلے کے چوتھے روز ایک میچ کھیلا جائے گا جہاں دونوں ٹیموں کے لیے جیت لازمی ہے تاکہ 2 پوائنٹس حاصل ہوں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021: اسلام آباد یونائیٹڈ کی سلطانز کے خلاف شان دار فتح

پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 140 رنز بنائے تھے، جس میں روی بوپارہ کی 44 گیندوں پر پی ایس ایل 6 کی پہلی نصف سنچری بھی شامل تھی۔

زلمی کی بیٹنگ لائن اس میچ میں کارکردگی دکھانے میں ناکام نظر آئی اور ابتدا میں وکٹیں گرتی رہیں تاہم شعیب ملک نے 24 گیندوں پر 26 رنز بنا کر کچھ سہارا ضرور دیا لیکن ٹیم قابل دفاع ہدف مقرر نہیں کر پائی۔

لاہور قلندرز کے بلے بازوں کو پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض سمیت دیگر باؤلرز نے مشکلات سے دوچار کیا تھا اور فخرزمان، ڈنک کو جلدی قابو کرلیا تھا۔

محمد حفیظ اور راشد خان نے آخری اوورز میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے زلمی کے باؤلرز کے ارادے خاک میں ملا دیے تھے اور یوں پشاور زلمی کو پہلے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست اور قلندرز کو لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ابتدائی میچ میں فتح نصیب ہوئی تھی۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کو کپتان محمد رضوان کی شان دار بیٹنگ اور شاہد آفریدی کی ذمہ دارانہ کارکردگی کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست ہوئی تھی۔

ملتان سلطانز کے کپتان نے اچھی بیٹنگ کی لیکن اختتامی اوورز میں سست روی کے باعث مجموعی اسکور 150 تک محدود رہا جو ان کی ناکامی کا سبب بنا ورنہ ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ سلطانز 170 سے بڑا ہدف دے گی لیکن حسن علی کے سامنے بلے باز ناکام ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: لاہور قلندر نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

سلطانز کے باؤلرز نے یونائیٹڈ کے مستند بلے بازوں کو اہم مواقع پر پویلین بھیج کر ٹیم کو جیت کی اُمید دلائی تھی لیکن لوئس گریگوری نے غیر متوقع بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 49 رنز بنائے اور 19 ویں اوور میں سہیل تنویر کو چوکے اور چھکے لگائے۔

گزشتہ میچوں کو دیکھتے ہوئے آج ملتان سلطانز کی بیٹنگ اور پشاور زلمی کی باؤلنگ کے درمیان اصل مقابلہ ہوگا اور جو اس مرحلے میں کامیاب ہوا میچ بھی ان کی جھولی میں جا گرے گا۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری کو ہوا تھا اور اب تک 4 میچ کھیلے جا چکے ہیں۔

لاہور قلندرز ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست ہے، کراچی کنگز کا دوسرا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا نمبر ہے۔

ملتان سلطانز کو پوائنٹس ٹیبل میں بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پشاور زلمی پر برتری ہے اور چوتھے نمبر پر ہے جبکہ زلمی پانچویں اور اب تک دونوں میچوں میں شکست سے دوچار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر موجود ہے۔

لاہور میں خاتون نے اپنے دو کمسن بچوں کو ’جلا‘ دیا

پاکستان میں سینیٹ کا قیام اور اس کی اہمیت

این اے 75 انتخابی نتائج کیس: لیگی اُمیدوار کا پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ