پاکستان

کورونا وائرس: ملک میں مزید 41 اموات، مجموعی تعداد 12 ہزار 658 ہوگئی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 50 مریض سامنے آئے، مزید 752 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے تاہم یہاں صورتحال دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت قدر بہتر ہے اور ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 50 مریض سامنے آئے جبکہ مزید 41 افراد انتقال بھی کرگئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 73 ہزار 384 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 658 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مزید 752 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 56ہزار 243 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 24 ہزار 483 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگے جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تھیں۔

اگر آج 23 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبے سندھ میں کورونا کے 225 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار 445 ہوگئی ہے۔

صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وائرس سے صرف ایک موت بھی ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 4 ہزار 293 ہوگئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 529 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار 348 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 29 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 239 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 103 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 71 ہزار 146 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 43 تک جاپہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 993 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح یہ تعداد 199 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 138 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہزار 623 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید ایک مریض انتقال کرگیا، یوں مجموعی اموات 493 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 50 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 878 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 3 مریض جاں بحق ہوئے اور اس طرح یہ تعداد 291 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا جس کے بعد وہاں کیسز کی تعداد 4 ہزار 951 پر ہی برقرار ہے۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 752 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 36 ہزار 243 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 573384

صحتیاب: 536243

اموات: 12658

فعال کیسز: 24483

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار 445 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 68 ہزار 348 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 71 ہزار 146 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 993 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 43 ہزار 623 ، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 878 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 951 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4293

پنجاب: 5237

خیبرپختونخوا: 2043

بلوچستان: 199

اسلام آباد: 493

آزاد کشمیر: 291

گلگت بلتستان: 102

براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 27 فیصد تک کمی

عالمی برادری بھارت کو قابل مذمت اقدامات پر جوابدہ بنائے، وزیر خارجہ

پی آئی اے کا اپنے 12 بوئنگ 777 طیارے گراؤنڈ نہ کرنے کا فیصلہ