لائف اسٹائل

میرے جسمانی خدوخال کے بجائے مسائل پر توجہ دیں، آمنہ الیاس کا لوگوں کو مشورہ

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر پر لوگوں کی جانب سے جسمانی خدوخال پر بحث کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

اداکارہ آمنہ الیاس کو جہاں سماجی مسائل پر کھل کر بات کرنے کی وجہ سے سراہا جاتا ہے، وہیں ان کی خود پر تنقید کرنے والے افراد کو کرارا جواب دینے کی وجہ سے بھی تعریفیں کی جاتی ہیں۔

اور حال ہی میں اداکارہ کی جانب سے ان کی جسامت پر بحث کرنے والے کو کرارا جواب دیے جانے کی وجہ سے ان کے چرچے ہو رہے ہیں۔

ہوا کچھ یوں کہ آمنہ الیاس نے دو دن قبل انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کی، جن میں انہیں کڑاہی شدہ لباس، میک اپ اور جیولری کے ساتھ دیکھا گیا۔

تصاویر میں اگرچہ وہ زیادہ بولڈ انداز میں دکھائی نہیں دیتیں تاہم تصاویر میں ان کا سینہ نظر آنے کی وجہ سے لوگوں نے ان کے لباس، میک اپ و جیولری کے بجائے ان کے جسمانی خدوخال پر بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: آمنہ الیاس رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر کرنے والی اداکاراؤں پر برہم

مداحوں کی جانب سے جسامت بالخصوص ’کلیویجز ‘(cleavages) پر بات کیے جانے پر اداکارہ نے برہمی کا اظہار کیا اور انہوں نے انسٹاگرام پر تصاویر کا کیپشن بھی تبدیل کردیا۔

اداکارہ نے مذکورہ تصاویر کا کیپشن تبدیل کرتے ہوئے کمنٹس کرنے والے افراد پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ وہ کمنٹس میں صرف اپنے ’کلیویجز ‘(cleavages) پر تبصرے پڑھ پڑھ کر پریشان ہوگئیں، اسی وجہ سے انہوں نے کیپشن تبدیل کیا ہے۔

اداکارہ نے لوگوں سے سوال کیا کہ مداح ان کے بالوں، میک اپ، لباس اور جیولری پر بات کیوں نہیں کر رہے؟

مزید پڑھیں: آمنہ الیاس کی ایک مرتبہ پھر رنگ گورا کرنے والی کریمز پر تنقید

بعد ازاں اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بھی اس حوالے سے لکھا اور مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان کے ’کلیویجز ‘(cleavages) کے بجائے حقیقی مسائل پر توجہ دیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ دنیا میں غربت، ریپ، بچوں کے استحصال، جنگوں اور گھریلو تشدد سمیت کئی طرح کے مسائل موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود لوگوں کے پاس صرف ان کے ’کلیویجز ‘(cleavages) پر بحث کرنا ہی سب سے اہم موضوع بنا ہوا ہے۔

انہوں نے مداحوں سمیت پوری قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کو ان کے جسمانی خدوخال کے بجائے ملک کے حقیقی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

آمنہ الیاس کی ’بھرم کلچر‘ کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی کوشش

آمنہ الیاس کی غریب افراد کی تضحیک کے خلاف ’شعور‘ اجاگر کرنے کی کوشش

آمنہ الیاس کو ‘باڈی شیمنگ’ سے متعلق ویڈیو پر تنقید کا سامنا