گوادر کے خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کا انعقاد
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)، وزارت سمندر پار پاکستانی کی جانب سے دنیا کا سب سے خوبصورت میدان قرار دیے گئے 'گوادر کرکٹ اسٹیڈیم' میں جمعہ کو نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا۔
میچ گوادر ڈولفنز اور شوبز شارکس کے درمیان منعقد ہوا جس میں ڈولفنز کی قیادت وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور شوبز ٹیم کی قیادت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کی۔
برٹش ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی زیر نگرانی ہونے والے ٹاس میں گوادر ڈولفنز نے سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
شوبز اسٹارز کی ٹیم میں فخر عالم، فیصل قریشی، علی ظفر، اعجاز اسلم، شہزاد رائے، سمیع خان اور علی سفینہ سمیت دیگر شامل تھے۔
اس میچ کو مرحوم کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے نام کردیا گیا جو سردیوں میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش میں لاپتہ ہو گئے تھے اور گزشتہ روز ہی انہیں مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔
میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے معروف کوہ پیما کے بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔
میچ کے دوران وزارت سمندر پار پاکستانی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے خوبصورت تصاویر پوسٹ کی جاتی رہیں۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی چند ہفتوں قبل گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کی خوبصورت کی تعریف کی تھی اور شائقین کرکٹ سے کہا تھا کہ وہ انہیں اس سے زیادہ خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم دکھائیں۔
میچ میں شوبز شارکس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے اور ڈولفنز کو فتح کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا۔
شارکس کے کپتان وسیم خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 44رنز بنائے جبکہ عمر بیگ نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، وفاقی وزیرعلی زیدی دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
'سوپر ہے پاکستان' کرکٹ کپ کے میچ میں گوادر ڈولفنز کی ٹیم ہدف کا تعاقب نہ کر سکی اور شارکس نے 12رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔
دوسری جانب پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن میچ کے دوران انتہائی متحرک نظر آئے اور ٹاس سمیت مختلف مواقعوں پر اردو میں گفتگو کی جس نے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیے۔
انہوں نے میچ کے ٹاس کی نگرانی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ شاید اس سے خوبصورت کرکٹ گراؤنڈ پوری دنیا میں نہیں۔
انہوں نے اردو زبان میں ریکارڈ کرائے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات بہت مضبوط ہیں کیونکہ ہمارے کرکٹ ہمارے خون میں ہے۔
کرسچن ٹرنر نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ یہ پوری دنیا میں سب سے خوبصورت کرکٹ گراؤنڈ ہے اور مجھے امید ہے کہ شاید ایک دن انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم یہاں کھیلے، یو کے-پاک دوستی زندہ باد۔
گوادر اسٹیڈیم کی میچ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور یہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہا تھا۔