دنیا

ٹائم میگزین کی ’100 نیکسٹ‘ لسٹ میں 2 پاکستانی نژاد بھی شامل

شہرہ آفاق میگزین ہر سال کے آغاز میں مذکورہ فہرست جاری کرتا ہے، جس میں تمام خطوں کے افراد کو شامل کیا جاتا ہے۔

شہرہ آفاق امریکی جریدے ٹائم میگزین کی سالانہ ’100 نیکسٹ لسٹ‘ کو جاری کردیا گیا، جس میں دو پاکستانی نژاد افراد بھی شامل ہیں۔

ٹائم میگزین ہر سال ’100 بااثر شخصیات‘ کی فہرست شامل کرنے سمیت ’پرسن آف دی ایئر‘ اور ’کڈ آف دی ایئر‘ سمیت دیگر طرح کی فہرستیں جاری کرتا ہے۔

ٹائم میگزین نے ’100 نیکسٹ لسٹ‘ کا آغاز 2020 میں کیا تھا اور اس سال میگزین نے اس سلسلے کی دوسری فہرست جاری کی ہے، جس میں دنیا بھر کی 100 بہترین شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

’100 نیکسٹ لسٹ‘ میں مجموعی طور پر 5 کیٹیگریز میں دنیا کی 100 بہترین شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

میگزین نے ’آرٹسٹس، فینومس، لیڈرز، ایڈوکیٹس اور انوویٹرز‘ کی فہرست میں دنیا کے تمام خطوں کے 100 بہترین افراد کو شامل کیا ہے۔

فہرست میں شامل دو پاکستانی نژاد میں سے سلمان طور کو ’آرٹسٹس‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

سلمان طور کا تعلق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے تاہم وہ امریکا میں مقیم ہیں اور وہ وہاں پر اپنے آرٹ کی نمائش بھی کر چکے ہیں۔

سلمان طور پر پاکستان میں بھی اپنے فن اور آرٹ کی نمائش کر چکے ہیں اور ان کے آرٹ کی خاص بات ایشیائی ثقافت، تاریخ اور تہذیب کو سامنے لانا ہے۔

میگزین نے ’انوویٹرز‘ کی فہرست میں ایک اور پاکستانی نژاد خاتون لینیٰ خان کو بھی شامل کیا ہے جو اگرچہ برطانیہ میں پیدا ہوئیں تاہم ان کے آباؤ و اجداد اور والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔

لینیٰ خان بھی اس وقت امریکا میں مقیم ہیں اور وہ متعدد کتابوں کی لکھاری اور قانونی ماہر ہیں۔

’100 نیکسٹ لسٹ‘ میں ٹائم میگزین نے بھارتی نژاد اور عرب نژاد افراد سمیت افریقی نژاد افراد کو بھی فہرست میں شامل کیا ہے۔

اس سال کی فہرست میں گلوکارہ دعا لیپا، ڈوجا کیٹ اور امریکا کے 46 ویں صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برادری میں نظم پڑھ کر شہرت حاصل کرنے والی لڑکی سمیت فن لینڈ کی خاتون وزیر اعظم اور نیوزی لینڈ کی ارکان پارلیمنٹ سمیت دیگر ممالک کے افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ٹائم میگزین ’100 نیکسٹ لسٹ‘ کو ہر سال کی پہلی سہ ماہی میں شائع کرتا ہے جب کہ ’100 بااثر شخصیات‘ کی فہرست کو ہر سال کے وسط میں شائع کرتا ہے۔

ٹائم میگزین ’پرسن آف دی ایئر اور کڈ آف دی ایئر‘ کی لسٹ ہر سال کے اختتام کو شائع کرتا ہے۔

نوعمر سائنسدان ٹائم میگزین کی پہلی 'کڈ آف دی ایئر' قرار

جوبائیڈن اور کمالا ہیرس ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار

جمال خاشقجی سمیت 5 صحافی ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار