’بوائے فرینڈ‘ کو اتنی اہمیت نہ دیں کہ آپ کی اہمیت کم ہوجائے، اشنیٰ شاہ
اداکارہ اشنیٰ شاہ نے خواتین اور خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ رومانوی جذبات کو کم اہمیت دیں تو نہ صرف ان کی زندگی بہتر گزرے گی بلکہ وہ تیزی کے ساتھ آگے بھی بڑھیں گی۔
میرا سیٹھی کے ساتھ بات کرتے ہوئے اشنیٰ شاہ نے نہ صرف ذاتی زندگی، رومانوی مسائل اور سوشل میڈیا پر تنقید کرنے کے مسائل پر کھل کر بات کی بلکہ انہوں نے شوبز کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔
اشنیٰ شاہ کا انٹرویو دو حصوں پر مبنی تھا، جس کا پہلا حصہ 10 فروری جب کہ دوسرا حصہ 13 فروری کو نشر کیا گیا۔
اشنیٰ شاہ نے میرا سیٹھی کو دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کا مذکورہ انٹرویو اکتوبر 2020 میں ریکارڈ کیا گیا تھا، جسے چند ماہ بعد اب نشر کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے بعض باتیں غیر اہم بھی لگیں گی۔
طویل انٹرویو کے دوران اشنیٰ شاہ نے بتایا کہ ان کا بچپن کینیڈا میں گزارا تاہم 7 سال قبل انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اپنا کیریئر شروع کیا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ ’سید‘ تھیں، جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے نام کے آخر میں ’شاہ‘ لگایا اور انہیں کئی لوگ اپنے نام سے ’شاہ‘ کا لفظ ہٹانے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزن کا طعنہ دینے والے افراد کو اشنیٰ شاہ کا کرارا جواب
اداکارہ کے مطابق ان کے والدین کے درمیان طلاق ہوگئی تھی اور وہ والد کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں۔
اشنیٰ شاہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ خواتین کو ہراساں کرنے کی مہم ’می ٹو‘ پر اس لیے بات نہیں کرتیں کہ مذکورہ معاملے پر بہت سارے لوگ بات کر رہے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے دیگر سماجی مسائل پر کھل کر بات کرنے کی ٹھان رکھی ہے اور وہ ان پر بات کرتی رہتی ہیں۔
انہوں نے دلیل دی کہ ’می ٹو‘ مہم پر بات کرنے کے کچھ نقصانات بھی ہیں، کیوں کہ اگر اس مہم پر بات کرتے ہوئے کوئی کسی پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگائے تو مذکورہ الزام کو ثابت کرنے کے شواہد نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے الزام لگانے والی کی عزت بھی خراب ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: اشنیٰ شاہ کی شکایت، حدیقہ کیانی نے فہرست جاری کردی
اشنیٰ شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ملک کی تمام خواتین نے زندگی میں کم از کم ایک بار کسی نہ کسی طرح کی ہراسانی کا سامنا کیا ہوگا، اس لیے ’می ٹو‘ مہم پر بات کرنے والی بھی زیادہ تر خواتین ہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ’فیمنسٹ‘ ہیں اور ساتھ ہی کہا کہ اب تو بہت سارے مرد بھی خود کو ’فیمنسٹ‘ کہتے ہیں۔
شوبز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اشنیٰ شاہ نے بتایا کہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری میں خواتین کو محدود کردار ملتے ہیں اور اب انہوں نے تقریبا ہر طرح کا کردار ادا کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کو ’نیچرل‘ اداکاری پر توجہ دینی چاہیے اور کرداروں کو حقیقی زندگی کی طرح ادا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: اشنیٰ شاہ کو ڈیلیوری بوائے کے ساتھ نامناسب رویے پر تنقید کا سامنا
ایک سوال کے جواب میں اشنیٰ شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان شوبز تعلقات ختم نہیں ہونے چاہیے تھے مگر یہ سب کچھ بھارت کی انتہاپسندی کی وجہ سے ہوا اور انہیں اُمید ہے کہ ایک دن بھارت کو اپنی انتہاپسندی کا احساس ہوگا اور وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے بھی باز آئے گا۔
شریک حیات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اشنیٰ شاہ نے بتایا کہ وہ ایسے شخص کو شریک حیات بنانا پسند کریں گی جو وفادار، پر خلوص، ایماندار اور سچا ہو۔
ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ماضی میں متعدد بار ان کا دل ٹوٹا اور ایسے واقعات سے ہی انہوں نے سبق سیکھا اور انہیں بہتر شخص کی سمجھ آئی۔
انہوں نے بتایا کہ 4 سال قبل ایک شخص کے خراب رویے کی وجہ سے وہ کافی زیادہ افسردہ تھیں اور انہوں نے شوٹنگ کے دوران ہی رونا شروع کردیا تو ہدایت کار نے انہیں کہا کہ ’زندگی میں کسی بھی شخص کو سر پر اتنا سوار نہ کرو کہ وہ آپ کی زندگی خراب کرے‘۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹرز کے رقص پر اشیٰا شاہ کی تنقید اور پھر معافی
اشنیٰ شاہ نے اپنے دل ٹوٹنے کے واقعات کو یاد کرتے ہوئے نوجوان لڑکیوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ رومانس سے دور رہیں تو بہتر ہے۔
اشنیٰ شاہ نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ ’بوائے فرینڈ‘ یا کسی دوست سمیت خاندان کے کسی بھی فرد کو اتنی اہمیت نہ دیں اور سر پر اتنا نہ چڑھائیں کہ وہ ان کی زندگی خراب کردے۔
انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر رومانوی جذبات سے دور رہیں تو وہ ان کی زندگی سکون سے گزرے گی اور وہ جلدی سے آگے بڑھتی جائیں گی۔