کھیل

پی ایس ایل 6: رضوان ملتان سلطانز کے کپتان مقرر

گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ میں ایک بھی میچ نہ کھیلنے والے محمد رضوان کو سلطانز نے قیادت کا منصب سونپ دیا۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے قومی ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو کپتان مقرر کردیا ہے۔

گزشتہ ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے محمد رضوان کی خدمات اس سیزن میں ملتان سلطانز نے حاصل کیں اور ان کی پاکستان ٹیم کے لیے عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں سلطانز نے اپنی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں فتوحات کی سنچری کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رضوان کو گزشتہ سال کراچی کنگز نے ایک بھی میچ نہیں کھلایا تھا اور اس سال ان کی خدمات ملتان سلطانز کو دے دی گئیں اور نئے سیزن میں یہ فیصلہ دفاعی چیمپیئن ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ملتان سلطانز کی فرنچائز کے مالک عالمگیر خان ترین نے کہا کہ رضوان نے ناصرف پاکستان ٹیم بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں خیبر پختونخوا کے لیے مثالی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، وہ اس وقت اپنے کردار میں دنیا میں بہترین ہیں اور پاکستان سپر لیگ کے آنے والے ایڈیشن میں ہم ان کی خدمات حاصل کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ ایڈیشن میں بہترین انداز میں قیادت اور ٹیم میں فاتحانہ سوچ ڈالنے پر شان مسعود کے شکر گزار ہیں۔

محمد رضوان نے قائدانہ منصب سونپنے پر ملتان سلطانز کی فرنچائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری نگاہیں آئندہ آںے والے سیزن میں ملتان سلطانز کی قیادت پر مرکوز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب ترکی میں ہوگی

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فرنچائز نے جس جدید سوچ کے ساتھ کام کیا میں اس سے آگاہ ہوں اور اس سال اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہوں، پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کا سفر اچھا رہا تھا اور میں شاہد آفریدی، شان مسعود اور سہیل تنویر جیسے سینئرز کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کوشش کروں گا کہ اس مرتبہ ٹیم مزید بہتر کھیل پیش کرے۔

واضح رہے کہ محمد رضوان ایک عرصے سے انتہائی شاندار فارم میں ہیں اور اپنی عمدہ کارکردگی سے صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے پاکستان کی قومی ٹیم کی اولین چوائس بن گئے۔

انہوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت مشکل کنڈیشنز میں رنز اسکور کیے اور حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی20 سیریز میں بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کو شکست کے بعد حسن علی کی 'پاوری ' ویڈیو وائرل

میں تو اپنی بھانجی کی شادی پر سونے کا بھرا ہوا سیٹ پہنوں گی

پاکستانی طالبہ نے اے سی سی اے امتحان میں سب سے زیادہ نمبر لے کر ملک کا نام روشن کردیا