ایک چینی فلم نے ایوینجرز اینڈ گیم کا اہم ترین ریکارڈ توڑ دیا
ایوینجرز اینڈ گیم دنیا میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے مگر اس کی آمدنی کا ایک بڑا ریکارڈ چین میں اب ٹوٹ گیا ہے۔
چین میں نئے قمری سال کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم 'ڈیٹیکٹو چائنا ٹاؤن 3' نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں کسی ایک ملک میں سب سے زیادہ آمدنی کا ریکارڈ ایوینجرز اینڈگیم سے چھین لیا۔
اس نئی فلم نے جمعے سے اتوار کے دوران چین میں 39 کروڑ 85 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا جبکہ ایوینجرز اینڈ گیم نے امریکا میں پہلے ہفتے میں 35 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کمائے تھے۔
اس نے ڈیٹیکٹیو چائنا ٹاؤن 2 کے مقابلے میں ڈھائی گنا زیادہ بزنس کیا ہے جس نے 2018 کے نئے قمری سال کے موقع پر 15 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز بٹورے تھے۔
اس نئی فلم نے کسی ایک ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ بزنس کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا جو 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز تھا۔
یہ فرنچائز ایک نوجوان معمے حل کرنے والے (لیو ہاؤرن) اور اس کے انکل (وانگ باؤ چیانگ) کے گرد گھومتی ہے جو جرائم کو حل کرتے ہیں۔
اس کا پہلا حصہ 2015 کو کرسمس کے موقع پر ریلیز ہوا تھا اور اس نے چین میں ساڑھے 12 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
تیسرا حصہ 2020 میں نئے قمری سال کے موقع پر ریلیز ہونا تھا مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث ایسا نہیں ہوسکا اور یہ ایک سال تاخیر سے ریلیز کیا گیا۔
ابھی یہ تو اندازہ نہیں کہ نئی فلم کتنا بزنس کرسکتی ہے تاہم 60 سے 80 کروڑ ڈالرز تک ہوسکتا ہے اور اگر وہ کسی طرح 93 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز سے زیادہ کمالیتی ہے تو اسٹار وارز دی فورس اویکن کا ریکارڈ بھی توڑ دے گی۔
اسٹار وارز سیریز کی اس فلم نے امریکا میں 93 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔
اس وقت بھی یہ چین میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی 13 ویں فلم بن چکی ہے اور فاسٹ 7 اور 8 کے 39 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کے بزنس کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔
اس فلم کا بجٹ 11 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھا تو یہ پہلے ہی لگ بھگ 3 گنا منافع اولین 3 دنوں میں کماچکی ہے۔
امریکا اور دنیا میں کورونا وائرس کی وبا کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ یہ فلم 2021 کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بھی ہوسکتی ہے۔
یہ ریکارڈ گزشتہ سال پہلی بار ہولی وڈ سے ایک چینی فلم دی ایٹ ہنڈرڈ نے چھین لیا تھا جس نے 47 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا۔