صحت

کووڈ سے تحفظ کے لیے یہ آسان طریقہ جانتے ہیں؟

2 فیس ماسک کا استعمال نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

2 فیس ماسک کا استعمال نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کپڑے کے ماسک کے اوپر اچھی فٹنگ والا سرجیکل ماسک پہننا کووڈ 19 سے تحفظ کو بہت زیادہ بڑھا دیتا ہے۔

یہ پہلی تحقیق ہے جس میں 2 فیس ماسکس کے استعمال کے اثرات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

امریکا کے وبائی امراض کے معروف ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کچھ دن پہلے ہی لوگوں کو 2 فیس ماسک کے استعمال کا مشورہ دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ 2 فیس ماسک پہننے میں کوئی خرابی نہیں، میں خود اکثر 2 ماسک پہنتا ہوں۔

سی ڈی سی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چہرے پر بہت اچھے طریقے سے فٹ ماسکس ہوا میں موجود وائرل ذرات کو جسم کے اندر پہنچنے سے روکنے میں زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

تحقیق میں این 95 اور دیگر ریسیپٹرز کی افادیت کو نہیں دیکھا گیا تھا۔

تحقیق میں ماسک نہ پہننے، ناقص فٹنگ والے سرجیکل ماسک، کپڑے کے ماسک اور 2 ماسکس کے استعمال کا موازنہ ایک سمولیشن کے ذریعے کیا گیا۔

اس سمولین میں 2 افراد کے درمیان ہوا میں موجود ذرات کو دیکھا گیا تھا، جس میں سے ایک ان ذرات کو خارج کرتا ہے اور دوسرا ان کو موصول کرتا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ اچھی فٹنگ والے سرجیکل ماسک سے ایک کپڑے کے ماسک کو کور کرتے ہیں، ان کے لیے ہوا میں موجود ذرات سے تحفظ 90 فیصد یا اس سے زیادہ ہوجاتا ہے ، جبکہ دونوں افراد کے ماسکس پہننے سے وائرس کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر فرد کا ماسک پہننا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیگر احتیاطی تدابیر جیسے سماجی دوری، ہجوم سے گریز وغیرہ کے ساتھ سست کرنے کا بہترین طریقہ کار ہے۔

تحقیق کسی حد تک محدود تھی کیونکہ اس میں داڑھی اور مونچھوں اور بچوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا تھا جبکہ اس میں 2 سرجیکل ماسکس یا 2 کپڑے کے ماسکس کا موازنہ بھی نہیں کیا گیا۔

تحقیق میں ایک قسم کے ہی کپڑے کے ماسک کو شامل کیا گیا حالانکہ مارکیٹ میں متعدد اقسام کے ماسکس دستیاب ہیں۔

تاہم تحقیق میں ثابت ہوا کہ اگر وائرس سے متاثر ایک فرد کسی صحت مند شخص سے بات کررہا ہو اور دونوں نے 2 ماسکس پہن رکھے ہوں تو بیماری کی منتقلی کا خطرہ 96.5 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے عوام سے درخواست کی کہ اگر 2 ماسک نہیں پہن سکتے تو ایسا اچھی فٹنگ والا ماسک ضرور استعمال کریں جس میں 2 یا اس سے زیادہ تہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہر قسم کا ماسک بغیر ماسک کے پھرنے سے بہتر ہوتا ہے، اب ایسا ڈیٹا اکٹھا ہوچکا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ فیس ماسک وائرس کے پھیلاؤ میں کمی لاسکتا ہے۔

مگر نئی تحقیق کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ اس تحفظ کو کس طرح بڑھایا جاسکتا ہے یعنی 2 فیس ماسک پہن کر۔

کیا نیا کورونا وائرس پینگولین سے انسانوں میں پہنچا؟

دمہ کے لیے استعمال ہونے والی دوا کووڈ سے صحتیابی کا عمل تیز کرنے میں مددگار

جعلی این 95 ماسک کو کیسے شناخت کریں؟