پاکستان

ملک میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 302 نئے کیسز، 53 اموات رپورٹ

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 51 ہزار 842 ہوگئی اور اموات 11 ہزار 886 تک پہنچ گئیں۔

پاکستان میں جہاں کورونا وائرس کو ایک سال کا عرصہ ہونے کے قریب ہے وہیں ملک بھر میں اس وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے اور پہلے مرحلے میں اس سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز مستفید ہو رہے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 302 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 53 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 51 ہزار 842 ہوگئی ہے جبکہ اموات 11 ہزار 886 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 684 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 7 ہزار 502 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 32 ہزار 454 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

2020 کے آخری مہینے دسمبر میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ نئے سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی تاہم اس کے یومیہ کیسز اب بھی ہزار سے زائد ہیں جبکہ اموات بھی درجنوں میں رپورٹ ہورہی ہیں۔

اگر آج 5 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 579 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار 498 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 23 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 59 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 394 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 705 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 19 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 59 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 201 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 68 ہزار 4 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 941 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 844 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 196 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 79 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 734 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 478 پر برقرار ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 44 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 144 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور اس طرح مجموعی تعداد 270 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آیا اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 913 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 684 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 7 ہزار 502 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 551842

صحتیاب: 507502

اموات: 11886

فعال کیسز: 32454

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار 498 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 705 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 68 ہزار 4 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 844 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 41 ہزار 734 ، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 144 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 913 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4059

پنجاب: 4840

خیبرپختونخوا: 1941

بلوچستان: 196

اسلام آباد: 478

آزاد کشمیر: 270

گلگت بلتستان: 102

بختاور بھٹو نے 'شادی کی رسم' کی ویڈیو شیئر کردی

ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھانے والی عام غذائیں

وزیر خارجہ کا سلامتی کونسل کو خط، 'مقبوضہ کشمیر میں حقوق کی صریح اور منظم پامالیوں سے آگاہ کیا'