’گولڈن گلوب ایوارڈز‘ نیٹ فلیکس 42 نامزدگیوں کے ساتھ سر فہرست
’آسکر‘ کے بعد فلمی دنیا کے دوسرے معتبر ترین ایوارڈ کا اعزاز رکھنے والے ’گولڈن گلوب ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اےپی) کے مطابق تاریخ میں پہلی بار 78 ویں گولڈن گلوب ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان بھی ورچوئل کیا گیا جب کہ اس سال تقریب کو بھی ورچوئل منعقد کیا جائے گا۔
78 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب رواں ماہ 28 فروری کو آن لائن منعقد کی جائے گی اور ورچوئل تقریب کی میزبانی کے فرائض اداکارہ ٹینا فے اور ایمی پوئلر دسر انجام دیں گی۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی ایوارڈ کے کے لیے 28 کیٹیگریز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے، ساتھ ہی دو خصوصی ایوارڈز (Cecil B. deMille Award) اور (Carol Burnett Award) کے فاتحین کا اعلان بھی کیا گیا۔
78 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کے لیے فلموں میں سب سے زیادہ نامزدگیاں ہولی وڈ کی تاریخ پر بنائی گئی فلم ’منک‘ کو ملی، جسے بہترین ڈائریکٹر اور بہترین اداکار و اداکارہ کی بڑی کیٹیگریز میں بھی نامزد کیا گیا۔
’منک‘ کو 2020 کی آخری سہ ماہی میں نیٹ فلیکس پر بلیک اینڈ وائٹ اسکرین پر ریلیز کیا گیا، اس فلم کی کہانی دراصل پرانے ہولی وڈ کے گرد گھومتی ہے، فلم کی مرکزی کہانی فلم ساز ہرمن جے منکی وزک کے گرد گھومتی ہے، فلم میں 1930 سے 1945 کا ہولی وڈ کا زمانہ دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث گولڈن گلوب ایوارڈز بھی 2 ماہ تک مؤخر
اسی طرح ٹی وی میں سب سے زیادہ نامزدگیاں برطانوی ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کے چوتھے سیزن کو ملیں اور اسے بھی بہترین ڈائریکٹر، اداکار و اداکارہ جیسی بڑی کیٹیگریز میں بھی نامزد کیا گیا۔
مجموعی طور پر سب سے زیادہ نامزدگیاں اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ کے ڈراموں اور فلموں کو ملیں اور اسے مجموعی طور پر 42 نامزدگیاں ملیں۔
اگرچہ سال 2020 میں کورونا کی وجہ سے سینما بند ہونے کے باعث زیادہ تر فلمیں نیٹ فلیکس اور دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کی گئیں تاہم گزشتہ چند سال سے نیٹ فلیکس کو تمام ایوارڈز میں سب سے زیادہ نامزدگیاں ملتی ہیں۔
اس سال گولڈن گلوب کے لیے پہلی بار ایک ساتھ تین خواتین فلم سازوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اس سال ہدایت کارہ رجینا کنگ، امرالڈ فیننل اور چلوئے ژاؤ کو بھی بہترین ڈائریکٹر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گولڈن گلوب ایوارڈ ہر سال جنوری میں منعقد ہوتا ہے تاہم اس سال کورونا کی وجہ سے اسے فروری کے آخر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
گولڈن گلوب ایوارڈ تقریب کو آسکر کے بعد فلمی دنیا کا سب سے اہم اور معتبر ایوارڈ مانا جاتا ہے۔