پاکستان

عوام کے سوالات کے جواب میں وزیراعظم نے اپنی فٹنس کا راز بھی بتادیا

وزیراعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست رابطے کے دوران ٹیلی فون پر چند سوشل میڈیا صارفین کے سوالات کے جواب بھی دیے۔

وزیراعظم عمران خان نے یکم فروری کی شام کو عوام سے براہ راست رابطے کے سلسلے میں اعلان کردہ 'آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ' پروگرام میں مختلف سوالوں کے جواب دیے۔

اس دوران وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی فون کالز کا جواب دینے کے ساتھ کچھ سوشل میڈیا صارفین کے سوالات کے جواب بھی دیے۔

عثمان نامی صارف نے وزیراعظم سے سوال کیا تھا کہ 'فٹنس کے حوالے سے رہنمائی کریں کہ آپ خود تو بہت فٹ ہیں، اس کا کیا راز ہے؟ آج کل کی روٹین میں خود کو کیسے وقت ملتا ہے؟'

مزید پڑھیں: سوشل میڈیا صارفین کی کال کنیکٹ نہ ہونے کی شکایات

اس سوال پر وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج کل تو میرا فٹ رہنا بڑا مشکل ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں جب کرکٹ کھیلتا تھا تو میرا وزن 185پاؤنڈز (83 کلوگرام) سے زیادہ نہیں ہوتا تھا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاتون اول بشریٰ بی بی کچھ دن پہلے وزن کرنے والی مشین لے آئی تھیں جس پر وزن کیا اور جب مشین پر وزن کیا تو اب 220 پاؤنڈز (90 کلوگرام) تک پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب میرا وزن بڑھ گیا ہے کہ میں 8 سے 9 گھنٹے بیٹھ کر کام کرتا ہوں اور مجھے ورزش کرنے کا وقت بھی نہیں ملتا۔

فٹنس کے حوالے سے وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں کہنا چاہوں گا اللہ کامیابی اس کو دیتا ہے جو محنت کرتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ نے کہا ہے کہ آپ کا جسم اس کی طرف سے ایک نعمت ہے، اب جتنا آپ اس نعمت کا دھیان رکھیں گے، آپ کو بیماریاں نہیں لگیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کرنے سے اللہ آپ کو صحت دے گا اور اچھی صحت سے بڑی کوئی نعمت نہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو شخص ورزش نہیں کرے گا اور کھانا صحیح طریقے سے نہیں کھائے گا، اسے مسئلے مسائل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘، کورونا ویکسین کیلئے امیر غریب نہیں دیکھا جائے گا، وزیراعظم

خیال رہے کہ آج ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔

اس سلسلے میں ایک ٹیلی فون نمبر بھی جاری کیا گیا تھا اور بیان میں بتایا گیا تھا کہ لائنیں 4 بجے سے کھول دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ اعلان کیا گیا تھا کہ عمران خان پیر کی شام 4 بجے عوام سے ٹیلی فون پر بات کریں گے اور اس پروگرام کو 'آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ' کا نام دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں یہ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ وزیراعظم نے براہ راست عوامی سوالات کا ٹیلی فون پر جواب دیے۔

دانتوں سے خون بہنا جسم میں وٹامن سی کی کمی کا نتیجہ تو نہیں؟

قبض کی روک تھام کے لیے بہترین گھریلو ٹوٹکے

مسلم اکثریتی ملک کوسووو کا اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان