پاکستان

قومی اسمبلی: اپوزیشن کے شور شرابے میں سی پیک اتھارٹی سمیت 3 بل منظور

اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسپیکر قومی اسمبلی کی ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور بل اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
|

قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے شور شرابے کے دوران پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی بل سمیت 3 بل منظور کرلیے گئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کو سی پیک اتھارٹی بل سے پہلے 2 بل پیش کرنے کی اجازت دی۔

مزیدپڑھیں: سی پیک اتھارٹی کے چیئرپرسن، اراکین کے خلاف قانونی کارروائی نہیں ہوگی، بل پیش

علاوہ ازیں مشیر پارلیمانی امور نے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ اسٹی ٹیوٹ آرڈیننس 2020 قومی اسمبلی میں پیش کیا۔

اسپیکر نے اپوزیشن کو بولنے کا موقع دیے بغیر سی پیک اتھارٹی بل پر شق وار منظوری شروع کرادی۔

اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسپیکر قومی اسمبلی کی ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور بل اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے نعرے بازی کی کہ ’آٹا چور، چینی چور، پیٹرول چور‘۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن کے شور شرابے کے باوجود پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی ترمیمی بل 2020 منظور کرلیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ میں سے اس پر کوئی بات کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ اس پر تقریر کرسکتے ہیں لیکن اسپیکر قومی اسمبلی کی مذکورہ پیش کش کو اپوزیشن ارکان نے نعروں کی نذر کردیا۔

اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران اسپیکر نے پھر پارلیمانی سیکریٹری برائے تجارت عالیہ حمزہ کو فلور دیا۔

عالیہ حمزہ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف بات کی اور خاتون اول کے بارے میں تبصرے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے ’سی پیک اتھارٹی‘ کے آرڈیننس پر دستخط کردیے

انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ وہ اس مسئلے پر مریم نواز کے خلاف تحریکِ استحقاق پیش کرنے کی اجازت چاہی۔

انہوں نے مریم نواز کا نام نہیں لیے بغیر کہا کہ حال ہی میں پارلیمنٹ میں منتخب اراکین کو یرغمال بنائے ہوئے ایک غیر منتخب رکن نے ان خواتین کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کی تھی جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

عالیہ حمزہ نے الزام لگایا کہ حزب اختلاف کے بینچوں پر بیٹھے ہوئے متعدد ایم این اے کا تعلق قبضہ مافیا سے ہے اور انہوں نے سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کر لیا ہے۔

پارلیمانی سیکریٹری ابھی تقریر کررہی تھیں کہ اسپیکر نے اجلاس کو منگل کی سہ پہر تک ملتوی کردیا۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان اسپنرز کو ڈراپ کر نے کو تیار

ہواوے کا نیا فولڈ ایبل فون فروری کے آخر میں متعارف کرائے جانے کا امکان

’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘، کورونا ویکسین کیلئے امیر غریب نہیں دیکھا جائے گا، وزیراعظم