پاکستان

پی ٹی آئی رہنما شاہد گوندل کورونا کے باعث انتقال کر گئے

انصاف لائرز ونگ کے چیئرمین اور سی ڈی اے کے چیف لیگل ایڈوائزر شاہد نسیم گوندل چند دنوں سے ملیٹری ہسپتال میں زیر علاج تھے، اہل خانہ
|

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور انصاف لائرز ونگ کے چیئرمین شاہد نسیم گوندل کورونا وائرس کے باعث ملیٹری ہسپتال (ایم ایچ) راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں اور اہل خانہ نے شاہد نسیم گوندل کے انتقال کی تصدیق کی اور وہ ملیٹری ہسپتال میں کورونا وائرس کی شکایت پر زیر علاج تھے۔

شاہد نسیم گوندل کپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیف لیگل ایڈوائزر کے طور پر بھی کام کر رہے تھے۔

ان کے بھانجے احتشام الحق مٹو کے مطابق پی ٹی آئی رہنما چند دنوں سے کووڈ-19 کی شکایات سمیت پھیپھڑوں میں انفکشن کا شکار تھے۔

احتشام الحق نے فیس بک پر اپنے بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہد نسیم گوندل کا کورونا وائرس ٹیسٹ گزشتہ ماہ مثبت آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کی نماز جنازہ منڈی بہاالدین میں ان کے آبائی گاؤں مٹو شریف میں ادا کی جائے گی اور وہی تدفین ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر سینئر رہنماؤں نے ساجد گوندل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 'شاہد گوندل کی رحلت پر نہایت افسردہ ہوں، وہ ہمارے وفاشعار ترین کارکنان میں سے ایک تھا جو سیاسی مافیاز کے خلاف جدوجہد میں ہمارے شانہ بشانہ رہا'۔

انہوں نے کہا کہ 'میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں'۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ساجد گوندل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'شاہد گوندل کے انتقال نے انتہائی افسردہ کردیا ہے، وہ پی ٹی آئی کے اول العزم کارکن تھے اور پارٹی کے مشکل وقت میں کھڑے رہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ان کی خدمات اور یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گے، اللہ انہیں جنت اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے'۔

انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ 'الم ناک خبر ہے، انصاف لائرز کے دیرینہ ساتھی جو پی ٹی آئی اور تمام کارکنوں کے ساتھ کھڑے رہے اور خاص کر دھرنے کیس میں اور آج کووڈ-19 سے انتقال کرگئے'۔

پی ٹی آئی رہنما بابراعوان کا کہنا تھا کہ 'شاہد نسیم گوندل کا انتقال پی ٹی آئی کے لیے بڑا نقصان ہے، ان کے لواحقین اور چاہنے والوں سے تعزیت کرتا ہوں'۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ذوالفقار بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ 'شاہد گوندل کی وفات پی ٹی آئی کے لیے بڑا سانحہ ہے، میری دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مقصد کے لیے ان کا کام اور عزم ہمیشہ یاد رکھا جائے گا'۔

حکومت نے نوازشریف، مسلم لیگ (ن) کے بغض میں پاکستان کو داؤ پر لگادیا، سعد رفیق

بھارت: زرعی اصلاحات کے خلاف سراپا احتجاج مظاہرین تشدد کے ذمہ دار نہیں تھے، کسان رہنما

غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق