پاکستان

بختاور بھٹو کے ولیمے کی تقریب میں کون کون شریک ہوا؟

آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی 29 جنوری کو صنعت کار محمود چوہدری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری 29 جنوری کو صنعت کار محمود چوہدری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

بختاور بھٹو زرداری کا نکاح 29 جنوری کی شب کو ہوا تھا، ان کا نکاح ٹھٹہ کے عالم دین غلام محمد سہو نے پڑھایا تھا۔

خیال رہے کہ بختاور بھٹو کی شادی کی مختلف تقریبات بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئیں جہاں گزشتہ شب یعنی 30 جنوری کو ان کے ولیمے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا ٹیم میں شامل رضا دھاریجو نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی کے ولیمے کی تقریب بلاول ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

ولیمے پر بختاور بھٹو مختلف انداز میں نظر آئیں، انہوں نے کائی رنگ کا لباس زیب تن کیا جس پر گوٹے کا کام ہوا تھا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیشِ نظر اپنے لباس کے مطابق ویسا ہی فیس ماسک بھی پہنا۔

ولیمے کی تقریب میں بھٹو و زرداری خاندان کے افراد، ان کی پھپھو فریال تالپور، خالہ صنم بھٹو، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔

دعوتِ ولیمہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز اور رہنماؤں سمیت شرمیلا فاروقی، حنا دستگیر، پیر محمد صادق، مہرین بھٹو، روبینہ قائم خانی، قائم علی شاہ اور دیگر شریک ہوئے۔

علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے بھی کراچی میں منعقد ہونے والی بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی دعوتِ ولیمہ میں شرکت کی۔

کراچی آمد پر سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات ناصر حسین شاہ نے ایئرپورٹ پر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کا استقبال کیا تھا۔

خیال رہے کہ بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات ان کے 31 ویں جنم دن سے یعنی 25 جنوری سے شروع ہوئی تھیں اور تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔

بختاور بھٹو کی رسم حنا کی مرکزی تقریب 27 جنوری کو ہوئی تھی اور اجرک کے ڈیزائن کی ان کی مہندی کو بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا جبکہ 28 جنوری کو بھی سندھی و بلوچی رسومات کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔

نکاح کے موقع پر بختاور بھٹو نے نوجوان فیشن ڈیزائنر وردہ سلیم کا تیار کردہ لباس پہنا تھا، جو گولڈن اور پنک رنگوں کے امتزاج سے تیار کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بختاور بھٹو کو حق مہر میں 132 تولہ چاندی دی گئی تاہم اس حوالے سے دونوں خاندانوں نے کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

بختاور بھٹو کے نکاح کی تقریب میں 300 مہمانوں نے شرکت کی تھی جبکہ ولیمے کی تصاویر میں مہمانوں کی زیادہ تعداد دکھائی دی جنہوں نے ماسکس بھی پہنے ہوئے تھے۔

بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کی نئی زندگی کا آغاز

بختاور بھٹو زرداری کا نکاح کا لباس کس نے تیار کیا؟

بختاور بھٹو کی اجرک کے ڈیزائن کی مہندی کے چرچے