پاکستان

بختاور بھٹو کے نکاح کے انتظامات مکمل

سابق صدر کی بڑی صاحبزادی کی شادی کی تقریبات کا آغاز 25 جنوری سے بلاول ہاؤس میں ہوا تھا۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی 31 سالہ بختاور بھٹو زرداری کا نکاح آج بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق آج شام محمود چوہدری بلاول ہاؤس کراچی بارات لے کر بلاول ہاوس جائیں گے اور ان کا نکاح بھی وہیں ہوگا، جس کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔

بختاور بھٹو کے نکاح میں ان کے والد آصف علی زرداری، بھائی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قریبی رشتہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرکت کریں گے۔

بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات 4 دن قبل 25 جنوری سے ان کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر شروع ہوئی تھیں اور تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بختاور بھٹو کی اجرک کے ڈیزائن کی مہندی کے چرچے

بلاول ہاؤس کراچی میں جاری تقریبات میں بختاور بھٹو کی سہیلیوں سمیت ان کی خالہ صنم بھٹو اور قریبی رشتہ دار بھی موجود ہیں۔

علاوہ ازیں شادی کی تقریبات میں پیپلز پارٹی کی خواتین رہنما بھی شریک ہوئیں۔

بختاور بھٹو کی رسم حنا کی مرکزی تقریب 27 جنوری کو ہوئی تھی جب کہ 28 جنوری کو بھی سندھی و بلوچی رسومات کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات میں مقامی فنکاروں کو مدعو کیا گیا تھا جب کہ ان کی شادی کی اہم تقریب کل 30 جنوری کو بلاول ہاؤس میں ہوگی، جس میں 300 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

بختاور بھٹو آج دلہن بنیں گی اور کل تک پیا گھر سدھار جائیں گی۔

مزید پڑھیں: بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کیلئے مقامی فنکار مدعو

بختاور بھٹو کی شادی کے حوالے سے ایک روز قبل ہی ان کے بھائی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وضاحت کی تھی کہ ان کی بہن کی شادی کی تقریبات کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ہوں گی۔

بلاول بھٹو نے بتایا تھا کہ بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات لاڑکانہ، لاہور اور اسلام آباد میں بھی ہوں گی، جن میں پیپلزپارٹی کے ارکان اور دیگر اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بختاور بھٹو کی شادی کی دیگر شہروں میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھی بلاول بھٹو موجود رہیں گے، تاہم ان کے والد کی موجودگی کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

بختاور بھٹو نے گزشتہ برس 27 نومبر کو پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار 33 سالہ محمود چوہدری سے بلاول ہاؤس میں منگنی کی تھی اور ان کی منگنی کے وقت ان کی شادی 30 جنوری 2021 کو ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ بختاور بھٹو اور محمود چوہدری شادی کے ایک ہفتے تک پاکستان میں قیام کریں گے، جس کے بعد وہ دبئی روانہ ہوں گے، جہاں وہ غیر ملکی دوستوں کے لیے شادی کی تقریب کا اہتمام کریں گے۔

بختاور بھٹو کی شادی رواں ماہ کے اختتام تک ہونے کی خبریں

سالگرہ کے دن سے بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کا آغاز

بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی، ترجمان بلاول ہاؤس